وہ نومولود بچی جس کی 'عمر' ماں سے محض 18 ماہ کم
یقین کرنا مشکل ہوگا مگر امریکا میں حال ہی میں ایک بچی کی پیدائش ہوئی، جو تیکنیکی طور پر 27 سال کی ہے اور اپنی ماں سے 18 ماہ ہی چھوٹی ہے۔
مولی ایورٹ گبسن کی پیدائش 1992 میں ایمبریو کی شکل میں ہوئی اور اکتوبر 1992 میں اسے منجمد کردیا تھا، جبکہ اس کی ماں ٹینا کی پیدائش اپریل 1991 کو ہوئی تھی۔
امریکا کی ریاست ٹینیسی کے شہر ناکسویل سے تعلق رکھنے والی ٹینا نے مقامی میڈیا کو بتایا 'سن کر دماغ گھوم جاتا ہے، مگر جہاں تک ہماری بات ہے تو مولی ہمارے لیے ایک کرشمہ ہے'۔
ٹینیسی یونیورسٹی کے پریسٹن میڈیکل لائبریری کے محققین نے بتایا کہ اس بچی کی پیدائش ایک ریکارڈ ہے کیونکہ یہ طویل ترین عرصے تک منجمد ایمبریو کی پیدائش ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ایما ورین کے نام تھا جس نے نومبر 2017 کو پیدائش سے قبل 24 سال برف میں گزارے تھے اور یہ بھی ٹینا کے گھر میں پیدا ہوئی۔
ایما اور مولی جینیاتی طور پر بہنیں ہیں اور انہیں ایک ساتھ منجمد کیا تھا، مگر حقیقی معنوں میں پیدائش میں 3 سال کا فرق ہے۔
اس طرح کے ایمبریو کو عطیہ کرنے والوں کے نام راز میں رکھے جاتے ہیں تو حقیقی والدین کا کسی کو علم نہیں۔
نیشنل ایمبریو ڈونیشن سینٹر (این ای ڈی سی) کی لیب ڈائریکٹر کیرول سومرفیلٹ نے بتایا 'یہ میرے لیے انعام کی طرح ہے کہ برسوں سے منجمد ایک ایمبریو کو خوبصورت بچی کی پیدائش کی شکل میں دیکھا، مجھے اس عمل میں شریک ہونے پر فخر ہے'۔
ٹینا اور ان کے شوہر بنجامن پہلے برسوں تک بچے کے حصول کی کوشش کرتے رہے، پھر معلوم ہوا کہ بنجامن ایک موروثی مرض cystic fibrosis کے شکار ہیں، جس کے نتیجے میں وہ بانجھ پن کا شکار ہوچکے ہیں۔
اس جوڑے کی شادی کو 10 سال ہوچکے ہیں اور وہ پہلے ایک بچہ گود لینے کا سوچ رہے تھے، مگر 2017 میں ٹینا کے والدین نے انہیں این ای ڈی سی سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔
ٹینا نے بتایا 'سن کر ہمیں یہ بہت عجیب لگا اور ہم نے کہا کہ ہمیں کوئی دلچسپی نہیں، مگر پھر یہ خیال ہمارے ذہنوں میں بس گیا'۔
انہوں نے اس مرکز کا دورہ کیا اور انہیں ڈونرز کی سیکڑوں پروفائلز دکھائی گئیں۔
ٹینا کے مطابق 'ہمارا کوئی انتخاب نہیں تھا، ہم بس ایک بچہ چاہتے تھے'۔
اس طرح مارچ 2017 میں انہوں نے ایما کا انتخاب کیا اور اس وقت انہیں علم ہوا کہ ایما 24 سال سے منجمد ہے۔
ایما اس جوڑے کی زندگی میں روشنی کی کرن بن کر آئی اور پھر انہوں نے اسے بھائی یا بہن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا، اور اسی ڈونر کے ایک اور ایمبریو کا انتخاب کیاا۔
اب مولی کی پیدائش ہوئی جس کا وزن 6 پونڈ 13 اونس تھا جو اس سے قبل 27 سال سے زیادہ عرصے تک برف میں رہی تھی۔
مولی کی پیدائش کو طبی حلقوں میں ایک کرشمہ سمجھا جارہا ہے۔