لائف اسٹائل

سشانت سنگھ کیس میں ریا چکربورتی کے بھائی کی بھی ضمانت منظور

چند ہفتے قبل شووک چکربورتی نے ممبئی کی اسپیشل این ڈی پی ایس کورٹ میں نئی درخواست جمع کروائی تھی۔

بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے متعلق کیس میں اداکارہ ریا چکربورتی کے بھائی شووک چکربورتی کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کی اسپیشل این ڈی پی ایس کورٹ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این بی سی) کی جانب سے منشیات کیس میں گرفتار شووک کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

ستمبر کے اوائل میں ریا چکربورتی اور ان کے بھائی شووک کو گرفتار کیا گیا تھا اور تقریباً 3 ماہ کے بعد ان کی ضمانت منظور کی گئی۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ کیس میں ریا چکر بورتی کی ضمانت منظور

اے این آئی نے تصدیق کی کہ اسپیشل این ڈی پی ایس کورٹ نے شووک چکربورتی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

چند ہفتے قبل شووک چکربورتی نے ممبئی کی اسپیشل این ڈی پی ایس کورٹ میں نئی درخواست جمع کروائی تھی۔

انہوں نے اپنی درخواست میں کہا تھا کہ ان کے قبضے سے منشیات نہیں برآمد ہوئی تھیں اور انہیں غلط طریقے سے پھنسا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ موجودہ کیس کے حقائق کے تناظر میں درخواست گزار کی جانب سے منشیات کی کمرشل مقدار برآمد نہیں ہوئی۔

ان سے قبل ممبئی کی مقامی عدالت نے سشانت سنگھ کو منشیات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار ہونے والی ریا چکربورتی کی 7 اکتوبر کو درخواست ضمانت منظور کرلی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ کیس میں اداکارہ ریا چکربورتی گرفتار

خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کرلی تھی اور ابتدائی تین دن میں ہی ان کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کی گئی تھی، جس میں ان کے قتل کے خدشات کو مسترد کیا گیا تھا۔

بعد ازاں ان کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ بظاہر اداکار نے پھندا لگا کر خودکشی کی اور ان کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی جب کہ ان کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ملے۔

اگرچہ زیادہ تر ماہرین اور سیکیورٹی عہدیدار اس بات پر متفق ہیں کہ سشانت سنگھ نے بظاہر خودکشی کی، تاہم اداکار کے مداح اور ان کے قریبی رشتہ داروں و اہل خانہ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں پریشان کرکے خودکشی پر مجبور کیا گیا۔

ہوم 1947 نے بہترین دستاویزی فلم کا بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا

بہروز سبزواری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

شوبز میں واپسی کے عندیے کے بعد حمزہ علی عباسی کا کتاب لکھنے کا اعلان