کھیل

نیوزی لینڈ میں قومی اسکواڈ کا ایک اور رکن کورونا وائرس سے متاثر

نیوزی لینڈ کے دورے پر جانے والے اسکواڈ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے، رپورٹ
|

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ایک اور رکن کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد نیوزی لینڈ کے دورے پر جانے والے اسکواڈ میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزرات صحت کا کہنا تھا کہ 'معمول کی ٹیسٹنگ کے دوران پاکستانی اسکواڈ کے ایک اور رکن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا'۔

وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ اسکواڈ کے تیسرے روز لیے گئے نموںوں میں جن 6 کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ان کے سوا باقی نتائج منفی ہیں۔

وزارت صحت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ابتدا میں ٹیم کو منتظم آئیسولیشن میں ایک ساتھ ٹریننگ کرنے کی چھوٹ دی گئی تھی لیکن اسے عارضی طور پر واپس لے لیا گیا ہے اور یہ فیصلہ صحت حکام کے جائزے تک رکا رہے گا جو کہ آئندہ ہفتے تک متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مزید ایک خلاف ورزی پر ٹیم کو نیوزی لینڈ سے واپس بھیج دیا جائے گا، وسیم خان

قبل ازیں رپورٹ آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے درمیان رابطے کے بعد قومی اسکواڈ کی آئیسولیشن پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ پہنچی تھی جہاں پہنچنے کے بعد قومی ٹیم کے 6 کھلاڑی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔

ان اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد آئسولیشن میں قومی ٹیم کو ٹریننگ کے لیے دیا گیا استثنیٰ واپس لے لیا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی جانب سے قرنطینہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی پر آخری وارننگ دی تھی اور مزید خلاف ورزی کی صورت میں قومی ٹیم کا دورہ ختم ہونے کا بھی امکان تھا۔

تاہم رپورٹس میں کہا گیا کہ اب نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ کو دوبارہ چہل قدمی کی اجازت مل گئی ہے اور اسپورٹس اسٹاف اور کھلاڑی اپنے اپنے گروپ کے لیے مقررہ مخصوص اوقات میں چہل قدمی کرسکتے ہیں۔

چہل قدمی کی یہ اجازت اسکواڈ کے ان اراکین کو ملی جن کے مسلسل دو ٹیسٹ منفی آچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ پر کورونا مثبت آنے والے کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے

رپورٹس کے مطابق قومی اسکواڈ کے اراکین ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں چہل قدمی کریں گے، اس کے علاوہ انہیں بالکنیوں میں جانے کی اور آپس میں گفتگو کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

علاوہ ازیں پی سی بی نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے قومی کھلاڑیوں کی ٹریننگ بھی جلد بحال کرنے کی درخواست کی۔

ادھر نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی جانب سے پہلے ٹیسٹ میں مثبت رپورٹ ہونے والے ممبرز کے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، قومی اسکواڈ کا اب اگلا کورونا ٹیسٹ 30 نومبر کو ہوگا۔

اس بات کا بھی انکشاف ہوا تھا کہ نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد آئسولیشن کے پہلے دن پاکستانی دستے کے کچھ اراکین نے قوانین اور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی جس پر تاحال کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی لیکن نیوزی لینڈ کرکٹ حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرکٹرز کے اس غیرسنجیدہ طرز عمل سے آگاہ کردیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم تین ٹی20 اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 23 نومبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہوئی تھی۔

قومی ٹیم 18، 20 اور 22 دسمبر کو بالترتیب آکلینڈ، ہملٹن اور نیپیئر میں ٹی 20 میچز کھیلے گی جس کے بعد وہ میزبان ٹیم سے 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے پر 26 دسمبر کو شروع ہو گا جبکہ کرائسٹ چرچ میں دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کھیلا جائے گا۔

بیگم شمیم اختر کی جاتی امرا میں تدفین

سپریم کورٹ 2 دسمبر کو بحریہ ٹاؤن فنڈز کمیشن کے سربراہ کا فیصلہ کرے گی

آزادی کے بعد پہلی مرتبہ بھارتی معیشت کساد بازاری میں داخل