آئیے، عظیم فٹبالر میراڈونا کو یاد کرتے ہیں
جن کو دنیا لافانی سمجھ کر اپنے دل و دماغ میں بسا لیتی ہے، ایک دن وہ بھی اپنے چاہنے والوں کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ جاتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں ہوا، جہاں خدا کا درجہ رکھنے والا دنیائے فٹبال کا بڑا نام ڈیاگو میراڈونا گزشتہ روز حرکتِ قلب بند ہوجانے سے انتقال کرگئے۔
میراڈونا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ارجنٹائن کے صدر نے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ جب ارجنٹینا کے جھنڈے اور ان کی مشہور 10 نمبر کی قمیض میں لپٹا ہوا میراڈونا کا جسدِ خاکی آخری دیدار کے لیے صدارتی محل پہنچایا گیا تو اس عظیم کھلاڑی کے آخری دیدار اور اسے خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے۔
ڈیاگو میراڈونا کے چاہنے والے صرف ارجنٹینا تک ہی محدود نہیں، بلکہ پوری دنیا میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں۔ اگر سچ پوچھیں تو میری بھی اس کھیل سے محبت کا آغاز 1986ء کے عالمی کپ میں میراڈونا کی جادوئی کارکردگی دیکھ کر ہی ہوا تھا۔
ڈیاگو میراڈونا 30 اکتوبر 1960کو Lanús کے علاقے میں پیدا ہوئے۔ کم عمری ہی سے انہوں نے فٹبال کے کھیل میں اپنے جوہر دکھانے شروع کردیے تھے۔ میراڈونا نے Argentinos Juniors نامی فٹبال کلب سے 1976ء میں اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔ وہ ارجنٹینا کی 129 سالہ Argentine Primera Division میں ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔
میراڈونا کو ان کے اندر موجود صلاحیتوں کی وجہ سے The Golden Kid) - El Pibe de Oro) کہا جانے لگا۔ 5 سال تک اس کلب سے منسلک رہنے کے بعد ڈیاگو میراڈونا ارجنٹائن کے سب سے معروف فٹبال کلب Boca Juniors سے منسلک ہوگئے۔
میراڈونا نے صرف 16 سال اور 3 مہینے کی عمر میں ہنگری کے خلاف کھیلے جانے والے میچ سے اپنے بین الاقوامی فٹبال کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کو کم عمری کی وجہ سے 1978ء میں ارجنٹائن میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے منتخب نہیں گیا گیا لیکن ایک سال بعد یعنی 1979ء میں انہوں نے جاپان میں کھیلی جانے والی ورلڈ یوتھ چیمپئن کا اعزاز اپنے ملک کو دلوا دیا۔
میراڈونا نے ارجنٹینا کی طرف سے اپنا پہلا گول 1979ء میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کیا۔ انہوں نے 4 مختلف عالمی کپ میں ارجنٹینا کی نمائندگی کی۔ سب سے پہلے 1982ء کی بات کرتے ہیں جس میں انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے 5 میچ کھیلے اور 2 گول اسکور کیے۔