فلم انڈسٹری کو بچانے کیلئے شمعون عباسی پی ٹی آئی میں شامل
فلم ساز، اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے پاکستانی سینما، فلم و ٹی وی انڈسٹری کو بچانے اور سہارا دینے کے لیے وفاقی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کرلی۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے شمعون عباسی نے وضاحت کی کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے سیاسی ونگ میں شمولیت اختیار نہیں کی بلکہ انہوں نے میڈیا انڈسٹری ڈیولپمنٹ ونگ کو جوائن کیا ہے۔
اداکار و فلم ساز کے مطابق انہوں نے پاکستانی سینما، فلم و ڈراما انڈسٹری کو بچانے اور اسے ایک روایتی مارکیٹ کی طرح بنانے کے لیے پی ٹی آئی کے میڈیا انڈسٹری ڈیولپمنٹ ونگ کو جوائن کیا۔
شمعون عباسی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ انہوں نے پی ٹی آئی جوائن کرنے کے بعد میڈیا انڈسٹری کی بحالی اور فلم انڈسٹری کو بطور روایتی صنعت بحال کرنے کے لیے حکومت کو کچھ تجاویز پیش کیں، جن پر حکومت نے عملدرآمد بھی شروع کردیا۔
اداکار نے اپنی تجاویز پر حکومتی عملدرآمد پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی جانب سے دی گئی تجاویز پر عمل درآمد کے بعد پاکستان میں فلم و ٹی وی انڈسٹری کے حالات بہتر ہوں گے۔