ثانیہ مرزا ویب سیریز سے اداکاری میں ڈیبیو کرنے کو تیار
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنائے جانے کی خبریں تو گزشتہ 2 سال سے گردش کررہی ہیں تاہم اس ضمن میں کسی پیش رفت کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔
لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹینس اسٹار خود جلد ریلیز ہونے والی ایک ویب سیریز سے اداکاری میں انٹری دیں گی۔
بھارتی ویب سائٹ فری پریس جرنل کے مطابق ثانیہ مرزا صحت کے مسئلے پر بنائی گئی ریئلٹی ڈیجیٹل ویب سیریز میں اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔
ثانیہ مرزا ایم ٹی وی کی سیریز ’ایم ٹی وی نشیبد‘ میں اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔
مذکورہ سیریز کو ٹی وی پر بھی نشر کیا جاتا ہے اور اس سیریز کا پہلا سیزن جنوری 2020 میں نشر کیا گیا تھا۔
’ایم ٹی وی نشیبد‘ کی پہلی سیریز میں آگے بڑھنے کی لگن کے دوران مختلف مسائل سے دوچار نوجوانوں کو دکھایا گیا تھا اور ساتھ ہی دکھایا گیا تھا کہ کس طرح نئی نسل کے لوگ اپنی جنسی خواہشات کی وجہ سے غلطیاں کر بیٹھتے ہیں۔
اسی سیریز کے دوسرے سیزن کو بھی جلد نشر کیا جائے گا اور ثانیہ مرزا اس سیریز کے دوسرے سیزن کی پانچوں قسطوں میں دکھائی دیں گی۔
’ایم ٹی وی نشیبد‘ کے دوسرے سیزن کی کہانی بھارت میں کورونا کے باعث نافذ ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے مختلف بیماریوں اور خصوصی طور پر ٹی بی میں مبتلا افراد کی مشکلات کو دکھایا جائے گا۔
سیریز کی مرکزی کہانی ایک نئے شادی شدہ جوڑے کے مسائل کے گرد گھومتی ہے جو کورونا کی وجہ سے اچانک لاک ڈاؤن نافذ ہونے سے کئی مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنے گی
ثانیہ مرزا مشکلات میں گھرے اسی جوڑے کے مسائل کو سمجھنے اور انہیں حل کرنے کی کھوج لگانے سمیت بھارت میں ٹی بی کے مرض پر بھی بات کریں گی۔
ویب سیریز کی کہانی فکشن ہے تاہم اسے اس انداز میں بنایا گیا ہے کہ دیکھنے والوں کو اس کی کہانی اصل لگتی ہے۔
ویب سیریز میں کام کرنے کے حوالے سے ثانیہ مرزا نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ سیریز کی کہانی بھارت میں تیزی سے بڑھتے ٹی بی کے مرض پر مبنی ہے اور انہیں اُمید ہے کہ سیریز آنے کے بعد لوگوں کو ٹی بی کے مرض کی مشکلات سمجھ آئیں گی۔
مزید پڑھیں: ثانیہ مرزا نے اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کی تصدیق کردی
خیال کیا جا رہا ہے کہ ثانیہ مرزا کی مذکورہ ویب سیریز کو رواں سال کے اختتام تک ریلیز کردیا جائے گا۔
ثانیہ مرزا کی جانب سے اداکاری میں ڈیبیو کیے جانے کے بعد خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر وہ مستقبل میں اداکاری کو ترجیح دیں اور ابتدائی طور پر وہ ڈیجیٹل ویب سیریز اور ٹی وی میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔