ڈپریشن اور بلڈ پریشر کے باعث صنم ماروی ہسپتال داخل
رواں برس کے آغاز میں شوہر حامد خان سے خلع حاصل کرنے والی گلوکارہ صنم ماروی کو اولاد کی پریشانیوں اور گھریلو مسائل کے باعث شدید ڈپریشن ہونے پر ہسپتال داخل کرایا گیا۔
گلوکارہ نے اپنے فیس بک پیج پر بتایا کہ گزشتہ کئی دن سے وہ شدید ڈپریشن کا شکار تھیں، جس کی وجہ سے اچانک ان کا بلڈ پریشر کم ہوگیا اور انہیں ہسپتال جانا پڑا۔
صنم ماروی کے مطابق ان کی حالت خراب ہونے کے باعث انہیں چند گھنٹوں تک ہسپتال میں رکھ کر ان کا علاج کیا گیا۔
صنم ماروی نے ہسپتال سے اپنی تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں انہیں بستر پر لیٹے ہوئے اور ویل چیئر پر بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
گلوکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ چند دن قبل ان کے بیٹوں مصطفیٰ اور ورد علی کی سالگرہ تھی مگر وہ ایسے موقع پر بھی ان سے دور تھے، جس کی وجہ سے انہیں شدید تکلیف ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: صنم ماروی اور حامد خان کے درمیان خلع ہوگئی
صنم ماروی نے لکھا کہ اس سے زیادہ تکلیف کی بات یہ ہے کہ ان کے بڑے بیٹے بہلول علی کا اسکول بند کرواکر انہیں گلوکاری پر لگادیا گیا ہے، جس کی وجہ سے وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہیں۔
گلوکارہ کو تصاویر میں اپنی بیٹی کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔
صنم ماروی کی جانب سے ہسپتال سے تصاویر شیئر کیے جانے اور اپنی بیماری کا بتائے جانے پر ان کے مداح پریشان ہوگئے اور انہوں نے ان کی مکمل صحت یابی کی دعائیں کیں۔
بعد ازاں صنم ماروی نے فیس بک پر لائیو ویڈیو کے دوران ڈپریشن اور انزائٹی کے مسائل پر کھل کر بات کی اور صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
مزید پڑھیں: گھریلو تنازع کے بعد صنم ماروی کا گلوکاری چھوڑنے کا اعلان
صنم ماروی نے ویڈیو میں بتایا کہ ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب نہیں تھی مگر بلڈ پریشر کم ہوجانے کے باعث انہیں ڈرپس لگائی گئیں۔
ویڈیو میں گلوکارہ نے ڈپریشن اور انزائٹی پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہنستے اور مسکراتے چہروں کے پیچھے کئی درد ہوتے ہیں اور عام افراد معروف شخصیات کے ڈپریشن میں چلے جانے پر یقین ہی نہیں کرتے۔
صنم ماروی نے مثال دیتے ہوئے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ کا واقعہ بیان کیا اور بتایا کہ کس طرح ایک مشہور نوجوان اداکار نے ڈپریشن کے باعث اپنی زندگی ختم کی۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ڈپریشن اور انزائٹی کا شکار ہیں۔
گلوکارہ نے ویڈیو میں کسی کا نام لیے بغیر بتایا کہ ان کے خلاف ان کی کچھ رشتہ دار خواتین اور بہنیں بہت کچھ لکھ رہی ہیں اور وہ ان کے لیے دعاگو ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صنم ماروی کا کنارہ کشی کے اعلان کے ایک روز بعد ہی گلوکاری میں واپسی کا اعلان
انہوں نے دعائیں کرنے اور ساتھ دینے پر مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اپنے خلاف لکھنے والے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ان کے خلاف کچھ بھی لکھنے سے قبل ان سے متعلق چیزیں تلاش کرلیا کریں۔
خیال رہے کہ صنم ماروی نے رواں برس فروری میں گھریلو تنازعات کے باعث شوہر حامد خان سے خلع لے لی تھی۔
اس موقع پر گلوکارہ نے شوہر پر تشدد کرنے اور بلیک میلنگ کے الزامات لگائے تھے۔
بعد ازاں یہ خبریں آئی تھیں کہ خلع ہونے کے بعد گلوکارہ کے بچے ان کے شوہر کے پاس ہیں، جس وجہ سے وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہیں۔
رواں برس جون میں گھریلو تنازعات، ڈپریشن اور اپنی بہن گلوکارہ ریشما پروین سے اختلافات کے باعث صنم ماروی نے گلوکاری سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا، تاہم ایک دن بعد ہی انہوں نے واپس گلوکاری میں آنے کا اعلان کیا تھا۔