لائف اسٹائل

سوشل میڈیا پر سچا پیار ڈھونڈنے والوں کی ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘

ہدایت کار مہرین جبار کی رومانٹک کامیڈی ویب سیریز ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ کو اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کردیا گیا۔

فلم ساز و ہدایت کار مہرین جبار کی جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بناکر سچی محبت تلاش کرنے والے پریمیوں کی پریم کہانی پر مبنی ویب سیریز ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ریلیز کردی گئی۔

’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے زندگی چینل پر گزشتہ ماہ 30 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا۔

ویب سیریز کی کہانی متوسط گھرانے کے افراد کے گرد گھومتی ہے جو سماجی دباؤ کے تحت سوشل میڈیا کا استعمال کرکے سچا پیار تلاش کرنے سمیت خود سے امیر لوگوں کو ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ویب سیریز میں پاکستانی سماج میں شادی، محبت، متوسط اور امیر طبقوں میں پائی جانے والی تفریق اور چھوٹے گھرانوں کی لڑکیوں اور لڑکوں کی جانب سے خود سے بڑے اور دولت مند گھرانوں کے جنس مخالف کے افراد سے محبت کرنے کے معاملے کو انتہائی احسن انداز میں دکھایا گیا ہے۔

ڈان امیجز میں شائع ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ کے تبصرے کے مطابق ویب سیریز کی منفرد بات یہ ہے کہ اس میں خوامخواہ کی عرنایت یا پاکستانی ڈراموں کی طرح فالتو کے مناظر نہیں دکھائے گئے اور نہ ہی ان میں ڈراموں کی طرح گھسی پٹی کہانی پیش کی گئی ہے۔

’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ میں پاکستانی سماج کے اہم ترین مسئلے کو انتہائی احسن اور ہلکے پھلکے انداز میں شائقین کے سامنے بیان کیا گیا ہے۔

ویب سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح پاکستان میں بہت سارے غریب گھرانے آج بھی چاہتے ہیں کہ ان کی بیٹیوں یا بیٹوں کی شادی امیر گھرانوں میں ہو۔

یہ بھی پڑھیں: سچا پیار تلاش کرنے پر مبنی ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘

’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح نئی نسل سوشل میڈیا کا استعمال کرکے اپنی پسند کے ساتھی تلاش کرتے ہیں اور پھر وہ کس طرح جعلی اکاؤنٹس بناکر ایک دوسرے کے جذبات سے کھیلتے ہیں۔

اگرچہ ویب سیریز میں مرکزی کرداروں کو جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بناکر ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوتے دکھایا گیا ہے، تاہم سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح دونوں کی ابتدائی نادانی سچی محبت میں بدل جاتی ہے اور کس طرح ان کی خواہشات بھی تبدیل ہوجاتی ہیں۔

ڈرامے میں پاکستانی سماج میں نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کے شادی کے معاملات، ان کی محبت اور خاندانی مسائل کو بھی ہلکے پھلکے انداز میں پیش کرکے ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ کو ایک منفرد سیریز کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: بلال عباس کی ’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘

’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ کی مرکزی کاسٹ میں بلال عباس خان اور مدیحہ امام شامل ہیں جب کہ سیریز میں حنا بیت، محمد احمد، بیو رانا ظفر، فرقان صدیقی، مریم سلیم، کنزہ رزاق اور کرن حق شامل ہیں۔

’ایک جھوٹی لو اسٹوری‘ کی کہانی معروف لکھاری عمیرہ احمد نے لکھی ہے جو اس سے قبل زندگی گلزار ہے سمیت کئی مقبول ڈرامے لکھ چکی ہیں۔

کانیے ویسٹ نے صدارتی انتخابات میں شکست تسلیم کرلی

لبنانی ڈیزائنر اقوام متحدہ کے خیر سگالی سفیر مقرر

امریکی انتخابات میں پہلی بار تین 'خواجہ سرا' کامیاب