کھیل

قائد اعظم ٹرافی میں بلاول بھٹی سر پر گیند لگنے سے زخمی

بلاول بھٹی کو بلوچستان کے خلاف میچ میں سر پر گیند لگی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر کر کے سی ٹی اسکین کیا گیا۔

قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر بلاول بھٹی قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں گیند سر پر لگنے سے زخمی ہو گئے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سدرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلے جا رہے قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں فاسٹ باؤلر بلاول بھٹی سر پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئے۔

مزید پڑھیں: ڈیوپلیسی پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے

سدرن پنجاب پہلی اننگز نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز بنائے تھے کہ 85ویں اوور میں خرم شہزاد کی جانب سے کرائی گئی گیند بلاول بھٹی کے سر سے ٹکرائی جس کے بعد تکلیف میں نظر آئے۔

اس موقع پر انہیں دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ انہیں میدان میں کھڑے ہونے اور دیکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی پلیئنگ کنڈیشنز کے تحت میڈیکل ٹیم کے ایک نمائندے نے بلاول کا معائنہ کیا جس کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔

پی سی بی کے مطابق طبی عملے نے بلاول سے اہم معلومات حاصل کیں اور کچھ اہم سوالات پوچھنے کے بعد انہیں دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں جانے کی اجازت دے دی۔

90.5 اوورز میں جب سدرن پنجاب کی نویں وکٹ گری تو بلاول دوبارہ کھیل کے لیے میدان میں اترے اور وہ اپنی ٹیم کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔

اننگز کے وقفے کے بعد بلاول سے چند ضروری سوال پوچھنے کے بعد ہسپتال لے جانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان کے کچھ بنیادی ٹیسٹ کرا لیے جائیں۔

پیر کی دوپہر بلاول کا مقامی ہسپتال میں سی ٹی اسکین کیا گیا اور رپورٹ کلیئر آنے کے بعد بلاول کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرا ون ڈے: کیا حیدر کو آؤٹ قرار دینے کا فیصلہ درست تھا؟

ہسپتال ڈسچارج کیے جانے کے باوجود ڈاکٹرز نے بلاول کو کچھ دن آرام اور کھیل سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے کامران غلام کو سندھ کے خلاف میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قررا دیا گیا۔

کامران غلام نے امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا جس پر انہیں لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے میچ فیس کا 40فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

واقعہ خیبر پختونخوا کی اننگز کے 57ویں اوور میں پیش آیا جب سہیل کان کی گیند پر کامران غلام کو آؤٹ قرار دیا گیا تو وہ فیصلے سے ناخوش نظر آئے اور خفگی کا اظہار کرنے پر ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

کورونا کی نئی لہر: پنجاب میں اسکولز، شادی ہالز اور کاروبار بند کرنے کا عندیہ

ملک میں موٹر سائیکل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ

موجودہ سیاسی صورتحال میں مذاکرات ناگزیر کیوں؟