لائف اسٹائل

پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب کے میزبان احمد گوڈیل نے شادی کرلی

احمد گوڈیل نے شادی کا اعلان انسٹاگرام پر جاری کردہ ایک پوسٹ میں کیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کی افتتاحی تقریب کے میزبان اور وی جے احمد گوڈیل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

یاد رہے کہ احمد گوڈیل رواں برس فروری میں اس وقت خبروں کا حصہ بنے تھے جب انہوں نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب کی میزبانی کی تھی۔

20 فروری کو ہونے والی افتتاحی تقریب میں سوشل میڈیا پر شائقین نے انتظامیہ سمیت کئی افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن اس موقع پر آر جے احمد گوڈیل کا سب سے زیادہ مذاق بنایا گیا تھا کہ انہوں نے پی ایس ایل سیزن 5 کی میزبانی کی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل نے میری نوکری چھین لی، احمد گوڈیل

عوام نے تقریب کے دوران آتش بازی کے شاندار مظاہرے کو پسند کیا تھا البتہ احمد گوڈیل کی پرفارمنس کو ناپسند کیا گیا جبکہ کچھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ فخر عالم نے میزبانی کے فرائض انجام دے کر تقریب کو بچا لیا۔

بعدازاں احمد گوڈیل نے کہا تھا کہ انہیں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے بعد سے لوگوں کی شدید نفرت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سوشل میڈیا میں شائقین کی تنقید پر احمد گوڈیل نے وضاحت دی تھی اور عوام سے اپیل کی تھی کہ انہیں بخش دیں۔

جس کے چند روز بعد احمد گوڈیل نے کہا تھا کہ انہیں شائقین کرکٹ کی تنقید اور اپنے دفاع میں سامنے آنے کے بعد پی سی بی اور پی ایس ایل کی نوکری سے برخاست کردیا گیا۔

اب احمد گوڈیل نے شادی کا اعلان سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں شادی کی تصاویر شیئر کیں جس میں احمد گوڈیل اور ان کی اہلیہ سفید لباس میں ملبوس ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل 5 کی افتتاحی تقریب، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے

اپنی پوسٹ میں احمد گوڈیل نے لکھا کہ 2020 میں جب مسلسل تمام بری چیزیں پیش آرہی ہیں، میں اس سب میں صرف ایک اچھی چیز آپ سب سے شدت سے شیئر کرنا چاہتا تھا کہ میں نے شادی کرلی ہے۔

احمد گوڈیل نے بتایا کہ انہوں اسرا احمد گوڈیل سے شادی کرلی ہے اور ساتھ ہی تمام مداحوں سے اپنی زندگی کے نئے سفر کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔

ان کی پوسٹ پر مداحوں نے احمد گوڈیل کو شادی کے بندھن میں بندھنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

مزید پڑھیں: تنقید کرنے والو کم از کم میری ماں اور بہن کو بخش دو، احمد گوڈیل

علاوہ ازیں ان کی پوسٹ پر اداکارہ نے صنم بلوچ نے بھی کمنٹ کیا اور لکھا کہ ’دو خوبصورت لوگ دنیا کے سب سے خوبصورت رشتے میں جُڑ گئے، بہت مبارک ہو، ہمیشہ خوش رہو آباد رہو'۔

بعدازاں انہوں نے شادی کی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور ایک خبر پر مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ واقعی نہیں سوچا تھا کہ اتنی خاموشی سے شادی کروں گا۔

620 روپے کا چیک دینے پر راشد محمود کا پی ٹی وی کیلئے کام نہ کرنے کا اعلان

ٹیکس چوری کے الزام میں اسرائیلی سپر ماڈل کو سزا

بشریٰ انصاری کا 'ریپ' ملزمان کے لیے سخت سزا کا مطالبہ