امریکا کی نارتھ کیرولائنا یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین نے نظام تنفس کی نالی کی تصاویر جاری کی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح یہا کورونا وائرس خلیات کو متاثر کرتا ہے۔
طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع تصاویر کو پیڈیا ٹرکش شعبے کی اسسٹنٹ پروفیسر کامیلا ایری نے کھینچا جس سے وائرس کے حملے کی شدت کا اندازہ لگا جاسکتا ہے۔
تصاویر میں وائرس کے ذرات کی تعداد ہزاروں میں ہے جو گول گیند کی شکل میں ہیں اور انہیں کھینچنے کے لیے ایک اسکیننگ الیکٹرون مائیکرو اسکوپ کا استعمال کیا گیا۔
یہ ایسی ڈیوائس ہے جو تصاویر میں الیکٹرونز پر فوکس کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
محققین نے اس مقصد کے لیے پہلے انساننی نظام تنفس کے خلیات کو کورونا وائرس سے لیبارٹری میں متاثر کیا اور پھر ان کا تجزیہ 4 دن بعد کیا گیا۔
تصاویر میں متاثرہ خلیات زرد رنگ میں ہیں جو نیلی رنگ کی جھلی سے منسلک ہیں۔
Cilia نامی یہ جھلیاں بال جیسی ساخت کی ہوتی ہیں اور یہ نظام تنفس کے خلیات کی سطح پر ہوتی ہیں جو میوکس (لیس دار سیال) کو پھیپھڑوں سے نظام تنفس تک پہنچاتی ہیں۔