'اسپائیڈر مین' کے بعد اب 'اسپائیڈر وومن' بنانے کی تیاریاں
مکڑی کی طرح بلند و بالا عمارتوں پر سیکنڈوں میں چڑھنے والے اور پل جھپکتے میں اپنے حریف کو مزہ چکھانے والے بولی وڈ کے کردار 'اسپائیڈر مین' کی خصوصیات سے تو آج تک سبھی محظوظ ہوتے آ رہے ہیں۔
تاہم جلد ہی فلمی شائقین ایسی ہی مہارتیں دکھانے والی خاتون 'اسپائیڈر وومن' کی چالاکیوں سے بھی محظوظ ہوتے دکھائی دیں گے۔
جی ہاں خبریں ہیں کہ ہولی وڈ کا معروف پروڈکشن ہاؤس سونی جلد ہی اپنے مارول پروڈکشن ہاؤس کے تحت 'اسپائیڈر وومن' فلم پر کام شروع کردے گا۔
شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق سونی پکچرز نے فلم ساز 36 سالہ اولیویا وائلڈ کے ساتھ آنے والی فلم کی ہدایت کاری کرنے سے متعلق معاہدہ کرلیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تاحال واضح نہیں ہے کہ اولیویا وائلڈ سونی پکچرز کی کون سی فلموں کی ہدایت کاری دیں گی تاہم خبریں ہیں کہ وہ خواتین کی مرکزی کرداروں پر بنائی جانے والی فلموں کی ہدایات دیں گی۔
ورائٹی نے ذرائع سے بتایا کہ خبریں ہیں کہ اولیویا وائلڈ سونی پکچرز میں 'اسپائیڈر وومن' نامی فلم سے ہدایت کاری کی شروعات کریں گی۔
'اسپائیڈر وومن' کامک کردار ہے، جسے اب تک مارول کی متعدد کتابوں میں متعارف کرایا گیا ہے۔
'اسپائیڈر وومن' کے کردار کو مارول اسٹوڈیوز کی 1970 سے لے کر اب تک شائع ہونے والی متعدد کامک کتابوں میں شامل کیا جا چکا ہے تاہم اب جلد ہی اسے فلموں میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ 'اسپائیڈر وومن' کے کردار کو اپنی مکمل فلم میں متعارف کرایا جائے گا، جس کے بعد اسے دوسری سائنس فکشن کامک کرداروں کی فلموں میں بھی شامل کیا جائے گا۔
یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ 'اسپائیڈر وومن' فلم کب تک ریلیز ہوگی، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ رواں برس تک مذکورہ منصوبے سے متعلق مزید معلومات کی تصدیق کرکے آئندہ سال فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کو خاتون کے مرکزی کردار پر بنانے کا اعلان
خبریں ہیں کہ 'اسپائیڈر وومن' فلم کی کہانی معروف لکھاری کیٹی سلبرمین سے لکھوائی جائے گی اور مذکورہ فلم کو جہاں ڈائریکٹ بھی خاتون کریں گی، وہیں اسے پروڈیوس بھی خواتین کریں گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 36 سالہ اولیویا وائلڈ خود ایک بہترین اداکارہ بھی ہیں اور انہوں نے شاندار اداکاری کے بدولت متعدد ایوارڈز بھی جیت رکھے ہیں۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ خود ہی 'اسپائیڈر وومن' کے کردار میں دکھائی دے سکتی ہیں تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
سونی پکچرز سے قبل ڈزنی اسٹوڈیو نے بھی اپنی معروف فلم سیریز ’پائریٹس آف کیرئیبین’ کو خاتون کے مرکزی کردار سے بنانے کا اعلان کیا تھا۔
ڈزنی نے رواں برس جون میں تصدیق کی تھی کہ مرد مرکزی کردار کی طرح خاتون کے مرکزی کردار پر مبنی ’پائریٹس آف کیرئیبین’ ریلیز کی جائے گی۔
اس سے قبل بھی سونی پکچرز کا مارول اسٹوڈیو اور ڈزنی خواتین کے مرکزی کرداروں کی متعدد فلمیں بنانے کا عندیہ دے چکے تھے اور اب انہوں نے باقاعدہ اس کی شروعات بھی کردی۔