دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کے پہلی اننگز میں 236رنز، انگلینڈ کی ایک وکٹ گرگئی
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محمد رضوان کی 72 رنز کی اننگز کی بدولت 236رنز بنا لیے جبکہ انگلینڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں دن کے اختتام پر ایک وکٹ پر 7 رنزبنا لیے۔
ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کا اکثر حصہ بارش سے متاثر ہوا ہے اور آج بھی میچ سے قبل ہی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 223رنز 9 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو محمد رضوان اور نسیم شاہ کھیل رہے تھے۔
محمد رضوان نے تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی اور نسیم کے ساتھ مل کر اسکور کو 236تک پہنچا دیا۔
اس موقع پر اسٹورٹ براڈ کی ایک گیند پر محمد رضوان شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے اور یوں پاکستان کی پہلی اننگز اختتام کو پہنچی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 72 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ عابد علی نے 60 اور بابر اعظم نے 47رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے 4 اور جیمز اینڈرسن 3وکٹیں لے کر کامیاب باؤلر رہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کو پہلا دھچکا اس وقت دیا جب اوپنر روری برنس 4 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کھاتہ نہیں کھول پائے تھے۔
روری برنس جب اسد شفیق کوکیچ دے کر پویلین لوٹے تو انگلینڈ کا اسکور صرف ایک رن تھا تاہم دوسرے روز کے کھیل کے اختتام تک ٹیم نے 7 رنز بنالیے تھے جبکہ کھیل کو بارش کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ہی ختم کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ ساؤتھ ہیمپٹن ٹیسٹ مستقل بارش سے ماتثر ہوا ہے اور ابتدائی تین دن کے دوران 90 اوورز کا کھیل بھی ممکن نہیں ہو سکا۔
میچ کا تیسرا دن مکمل طور پر بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ میچ کے بقیہ دو دن بھی ابر آلود موسم اور بارش کی پیش گوئی ہے۔