لائف اسٹائل

سشانت سنگھ کا قتل یا خود کشی؟ بھارتی عدالت نے فیصلہ سنادیا

بولی وڈ اداکار کی خودکشی کے تین بعد ریاست بہار کے وکیل نے عدالت میں بولی وڈ شخصیات کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے گزشتہ ماہ 14 جون کو خودکشی کرلی تھی، جس کے بعد ایک وکیل نے ان کی خودکشی کو سوچے سمجھے قتل کا منصوبہ قرار دیا تھا۔

ریاست بہار کے وکیل سدھیر کمار اوجھا نے سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کو بولی وڈ شخصیات کی جانب سے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قتل قرار دیتے ہوئے مظفر پور کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

سدھیر کمار اوجھا نے مختلف دفعات 306، 109، 504 اور 506 کے تحت درخواست دائر کرتے ہوئے بولی وڈ شخصیات پرالزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے سشانت سنگھ کو ایک سازش کے تحت خودکشی پر مجبور کیا اور ساتھ ہی انہوں نے اداکار کی خودکشی کوقتل بھی قرار دیا تھا۔

وکیل نے اپنی درخواست میں فلم ساز کرن جوہر، سنجے لیلا بھنسالی اور اداکار سلمان خان اور ایکتاکپور سمیت 8 شخصیات کو نامزد کیا تھا جب کہ انہوں نے اداکارہ کنگنا رناوٹ کو گواہ کے طور پر بھی نامزد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت کو 7 فلموں سے نکالا گیا اور کچھ فلموں کو ریلیز نہ کرکے ایسی صورتحال پیدا کی گئی جس نے سشانت سنگھ کو انتہائی قدم اٹھانے پرمجبور کیا۔

مذکورہ درخواست پر مظفرپور کی عدالت نے 8 جولائی کو سماعت کرتے ہوئے درخواست کو غیر ضروری قرار دیا۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق چیف جڈیشل مجسٹریٹ نے سدھیر کمار اوجھا کی درخواست پر مختصر سماعت کرتے ہوئے درخواست کوعدالت کے دائرہ کار سے باہر قرار دیا۔

عدالت نے سدھیر کمار کی درخواست کو سماعت کے لیے ناقابل قرار دیتے ہوئے ان کی درخواست مسترد کردی، تاہم انہوں نے مقامی عدالت کے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالتوں میں جانے کا اعلان بھی کیا۔

سدھیر کمار کا کہنا تھا کہ وہ جڈیشل میجسٹریٹ کے فیصلے کو ضلعی عدالت میں چیلنج میں کریں گے، کیوں کہ ریاست بہار کے عوام کو سشانت سنگھ راجپوت کی موت پر شدید صدما پہنچا اور عوام ان افراد کو انصاف کے کٹہڑے میں دیکھنا چاہتا ہے جنہوں نے ایسے حالات پیدا کیے کہ اداکار نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔

خیال رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو خودکشی کرلی تھی، ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی خودکشی کی تصدیق کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: سشانت کی خودکشی، بولی وڈ کی 8 بڑی شخصیات کے خلاف مقدمہ دائر

ان کی خودکشی کے بعد بھارت بھر میں لوگ شدید صدمے میں آگئے تھے اور لوگوں نے بولی وڈ کی معروف شخصیات پر الزامات کی بارش کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے جان بوجھ کر ایسے حالات پیدا کیے جس وجہ سے تنگ آکر سشانت سنگھ نے خودکشی کی۔

سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد ممبئی پولیس نے تفتیش بھی شروع کردی تھی اور اب تک پولیس نے 30 سے زائد شخصیات کے بیانات بھی ریکارڈ کیے ہیں، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ایسے کیا مسائل تھے جن کی وجہ سے اداکار شدید ڈپریشن کا شکار ہوئے اور انہوں نے خودکشی کرلی۔

سشانت سنگھ راجپوت نے بمشکل ایک درجن فلموں میں کام کیا تھا اور ان کی آخری فلم دل بیچارہ کا ٹریلر 6 جولائی کو ریلیز کیا گیا تھا اور مذکورہ فلم کو 24 جولائی کو ویب اسٹریمنگ ویب سائٹ پر ریلیز کیا جائے گا۔

سشانت سنگھ راجپوت نے زندگی کے آخری ڈھائی گھنٹے کیسے گزارے؟

سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد بھارتی عوام کی شوبز ستاروں پر الزامات کی بارش

خودکشی کرنے والے سشانت سنگھ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی