لائف اسٹائل

مشہور بھارتی اداکار سڑک پر سبزیاں بیچنے پر مجبور

جاوید حیدر نے بالی ووڈ کی کامیاب ترین فلم ’غلام‘ میں دی پرفیکٹشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان کے ساتھ کام کیا تھا۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں متعدد انڈسٹریز کو نقصان پہنچا ہے جن میں کئی ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری بھی شامل ہے۔

جہاں لاک ڈاؤن کے باعث فلموں کی پروڈکشن کا کام رکا ہوا ہے وہیں ایسے بھی کئی اداکار ہیں جو آج سڑکوں پر سبزی اور پھل کا ٹھیلا لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

ایسے ہی ایک اداکار جاوید حیدر ہیں جنہوں نے بولی وڈ کی 1998 میں ریلیز ہونے والی کامیاب فلم ’غلام‘ میں دی پرفیکٹشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان کے ساتھ کام کیا تھا، اس کے علاوہ جاوید حیدر متعدد فلموں میں ہیرو کے دوست اور مختلف کردار ادا کرچکے ہیں۔

حال ہی میں بھارتی فلم و ٹیلی ویژن اداکارہ ڈولی بندرا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں اداکار جاوید حیدر سڑک پر سبزی بیچتے نظر آئے۔

اس ویڈیو میں وہ گانے ’دنیا میں رہنا ہے تو کام کرو جی‘ پر پرفارم بھی کرتے نظر آئے۔

ڈولی بندرا نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جاوید حیدر ایک اداکار ہیں آج وہ سبزی بیچ رہے ہیں‘۔

ڈولی بندرا کی یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ بات اب تک ثابت نہیں ہوئی کہ اداکار جاوید حیدر واقعی غربت اور کام نہ ملنے کے باعث سبزی بیچ رہے ہیں یا ایسا وہ صرف ویڈیو بنانے اور مداحوں کو محظوظ کرنے کی خاطر کررہے تھے۔

کئی صارفین نے اداکارہ کی ویڈیو پر جواب دیتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ یہ بولی وڈ کی حقیقت ہے۔

جبکہ کچھ کا دعویٰ تھا کہ اداکار جاوید حیدر نے یہ ویڈیو صرف اپنے ٹک ٹاک چینل پر فالوورز بڑھانے کی غرض سے کیا ہے۔

خیال رہے کہ اداکار جاوید حیدر نے عامر خان کی فلم ’غلام‘ کے علاوہ کئی اور پروجیکٹس میں اہم کردار نبھائے۔

وہ ہندی ڈراما ’لائف کی ایسی تیسی‘ اور فلمز ’بارن انڈیا‘ اور ’بابر‘ میں بھی کام کرچکے ہیں۔

گلوکار سلمان احمد کے 50 رشتہ دار و دوست کورونا کا شکار

فہد مصطفیٰ کو وزیر اعظم کو ووٹ دینے پر پچھتاوا

کورین لڑکیوں کی ویڈیو کا یوٹیوب پر ریکارڈ