مقبول ڈراما 'دھوپ کنارے' سعودی عرب میں نشر ہونے کے لیے تیار
پاکستان ٹیلی ویژن کے کلاسیک ڈرامے دھوپ کنارے کو بہت جلد سعودی عرب میں نشر کیا جائے گا۔
1987 کے اس ڈرامے میں راحت کاظمی اور مرینہ خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے اور اس کو اب بھی لوگ بھول نہیں سکے ہیں۔
پی ٹی وی کی انٹرنیشنل ریلیشنز کی ڈائریکٹر شازیہ سکندر نے بتایا کہ پہلی بار پاکستان ٹیلی ویژن کی جانب سے عربی زبان میں ڈرامے کو ڈب کرکے سعودی ناظرین کے لیے نشر کیا جائے گا۔
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا 'وزارت اطلاعات نے اس ڈرامے کو سعودی عرب وزارت خارہ کے ذریعے بھجوائے گی، ہم نے سعودی عرب کے مختلف میڈیا ہاؤسز سے بھی رابطے کیے ہیں تاکہ جان سکیں کہ کیا وہ ڈراموں کے تبادلے یا ڈب مواد کو خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں یا نہیں'۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف پاکستانی پروڈکشنز کو بین الاقوامی سطح پر شناخت ملے گی بلکہ سعودی شہریوں کو پاکستانی ثقافت کے بارے میں سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔
اس سے قبل گزشتہ سال سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سعودی عرب کے دورے کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان کی جانب سے جلد سعودی عرب ٹی وی ڈرامے برآمد کرنے کے منصوبے پر کام کیا جارہا ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق 'سعودی وزیراطلاعات عواد بن صالح العواد نے دونوں دوست مسلم ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات میں وسعت کے میرے قدم کے لیے تعاون کا وعدہ کیا'۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسے ثقافتی تبادلے کے خیال کو سب سے پہلے پیش کیا تھا۔
شازیہ سکندر نے ا حوالے ے بتایا 'حتمی پروڈکشن کو ممکنہ طور پر بہت جلد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ٹی وی چینیلز پر نشر کرنے کے لیے دیا جائے گا'۔
اس منصوبے کا آغاز 3 سال قبل دھوپ کنارے، تنہائیاں اور آہٹ کے ساتھ کیا گیا تھا مگر یہ 2 ڈرامے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث مکمل نہیں کیے جاسکے۔
یہ ڈرامہ حسینہ معین کی تخلیقی صلاحیتوں کا شاہکار تھا جب کہ ہدایات راحت کاظمی کی بیگم اور معروف اداکار ساحرہ کاظمی نے دی تھیں۔
مرینہ خان اور راحت کاظمی کو اس ڈرامے کے بعد بہترین آن سکرین جوڑا تسلیم کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی زندگی پر بننے والا یہ ڈرامہ سنجیدہ راحت کاظمی اور شوخ و چنچل مرینہ خان کے گرد ہی گھومتا ہے اور ان کی کیمسٹری نے اس ڈرامے کو پی ٹی وی کی تاریخ کے مقبول ترین ڈراموں میں سے ایک بنا دیا۔