کورونا وائرس کے پیچھے اصل سازش کس کی ہے؟
اگر آپ کو کسی بھی ایسے فرد سے گفتگو کرنے کا موقع ملا ہو جو کورونا وائرس کے سازشی نظریہ سے تعلق رکھتا ہو تو آپ کو یہ بخوبی اندازہ ہو چلا ہوگا کہ آپ ان سے کسی صورت جیت نہیں پائیں گے۔
اب اسی سازشی تھیوری کو لے لیجیے جس کے مطابق ہسپتال ان تمام لوگوں کو 5، 5 لاکھ روپے دے رہے ہیں جو اپنے پیاروں کی موت کو کورونا کی موت قرار دینے کے لیے ہاں کررہے ہیں۔
اب اگر منطق کی بات کی جائے تو ان سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ بھائی اگر ایسا ہی ہے تو آپ اس سے کہیں سستا ٹارگٹ کلر کرائے پر رکھ سکتے ہیں۔ ایک ایسا پروفیشنل قاتل آپ کو باآسانی ایک لاکھ روپے تک مل جائے گا۔ لیکن پھر یہ ہسپتالوں کے لیے کوئی اچھا سودا نہیں ہوگا کیونکہ اگر یہ سچ ہے تو یقین جانیے لوگ لاشوں سے بھرے ٹرک بھر بھر کے ہسپتال پہنچانا شروع کردیں گے.
اب آپ یہ سوچنے بیٹھ جائیں گے کہ ہسپتال یہ سب کیوں کرنا چاہیں گے، تو جناب یہاں آکر معاملہ اور بھی دلچسپ بن جاتا ہے کیونکہ بات صرف پیسوں کی ادائیگی تک ہی محدود نہیں ہے۔ بھئی یہ تو سرمایہ کاری ہے!