بابر اعظم کو ابھی عروج تک پہنچنا ہے، محمد حفیظ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سنیئر کھلاڑی محمد حفیظ نے مختصر طرز کرکٹ کے قومی کپتان بابر اعظم کو شان دار کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ابھی اپنی بہترین صلاحیت دکھانی ہے۔
محمد حفیظ نے بابراعظم کو مخاطب کرکے کہا کہ اپنی بیٹنگ کو بہتر کرنے کے لیے سخت محنت کریں جس سے ان کا کھیل دوسری سطح پر چلاجائے گا۔
ایک یوٹیوب پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ 'بابراعظم پاکستان کے لیے شان دار کارکردگی دکھانے والا کھلاڑی ہے، ملک کے لیے اب تک 5 سالہ کیریئر میں انہوں نے حیران کن کرکٹ کھیلی ہے'۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی طرح جارحانہ انداز میں قیادت کرنا چاہتا ہوں، بابر اعظم
سینئر آل راؤنڈر نے کہا کہ 'ان کے ٹیلنٹ کو دیکھتے ہوئے انہیں ابھی اپنی بہترین صلاحیت دکھانی ہے'۔
محمد حفیظ نے کہا کہ 'وہ میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہے اور ان کے سامنے کہتا ہوں کہ جس طرح ٹیلنٹ ان کا ہے ابھی اس مقام پر نہیں ہے جہاں میں دیکھنا چاہتا ہوں'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'وہ تمام رکاؤٹوں کو توڑ رہے ہیں اور میں پر اعتماد ہوں کہ وہ طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کریں گے'۔
پاکستان کے لیے 218 ایک روزہ میچوں میں 6 ہزار 614 رنز بنانے والے سینئر کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ بابر اعظم کی کپتانی پر کوئی بیان دینے سے قبل انہیں قومی ٹیم کی مزید قیادت کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'میں نے انہیں بطور کپتان زیادہ نہیں دیکھا اور اس کی قیادت میں صرف دو میچز کھیلا ہوں اور میں اس وقت ان کی کپتانی پر تبصرہ نہیں کرسکتا جب تک انہیں مختلف میچوں میں حالات کے مطابق حکمت عملی بناتے دیکھوں'۔
مزید پڑھیں:نئے سیزن کی تیاریاں، انگلینڈ نے 55 کھلاڑیوں کو ٹریننگ کیلئے طلب کر لیا
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 91 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک ہزار 992 رنز بنانے والے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کے لیے میری نیک خواہشات ہیں کہ وہ طویل عرصے تک پاکستان کی قیادت کرے اور پاکستان کے کامیاب کپتانوں کی فہرست میں شامل ہوجائیں۔
محمد حفیظ نے کہا کہ 'یہ ان کے لیے اور پاکستان کے لیے فائدہ مند ہوگا کہ جب ہمارے اعلیٰ سطح کی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی بطور کپتان جیتنا شروع کریں اور بطور بلے باز ان کا اعتماد بہت بلند ہوگا'۔
یہ خبر 3 جون 2020کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔