فرانس میں چین سے قبل ہی کورونا شروع ہونے کا انکشاف
کورونا وائرس کا مرکز چین کو ہی سمجھا جاتا ہے، جہاں پر چینی حکام نے دسمبر میں پہلے کیسز کی تصدیق کی تھی۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں 35 لاکھ سے زائد انسانوں کو متاثر اور ڈھائی لاکھ کے قریب انسانوں کی ہلاکت کا سبب بنے والی کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے یہ مانا جاتا ہے کہ وہ چین کے شہر ووہان سے شروع ہوئی۔
کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے چینی حکومت نے 31 دسمبر 2019 کو پہلی بار تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ووہان میں متعدد افراد نئی بیماری کا شکار ہوئے ہیں، جس سے متعلق اس وقت تک چینی حکام کو بھی زیادہ معلومات نہیں تھی۔
تاہم آنے والے وقت میں اس بیماری کو نوول کورونا وائرس (کووڈ 19) کا نام دیا گیا اور تصدیق کی گئی کہ مذکورہ بیماری دسمبر 2019 کے وسط سے چین کے شہر ووہان سے شروع ہوئی۔
تاہم بعد میں چینی حکام کی جانب سے کی جانے والی تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کورونا کی بیماری چین میں دسمبر میں نہیں بلکہ ممکنہ طور پر 17 نومبر 2019 کو سامنے آئی۔