Live Covid 2019

بلوچستان میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کیلئے 76کروڑ روپے سے زائد مختص

غریب خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے انتظامات بلوچستان کے تمام 33 اضلاع میں کیے گئے ہیں۔

بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کو معاونت فراہم کرنے کے لیے 76 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کردیے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق راشن تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے اثرات میں کمی کے لیے اقدامات کررہی ہے اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے اپنے وسائل سے زیادہ سے زیادہ فنڈز فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے انتظامات بلوچستان کے تمام 33 اضلاع میں کیے گئے ہیں۔