عاطف اسلم کی آواز میں اذان سوشل میڈیا پر وائرل
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے نتیجے میں لوگ گھروں میں بند ہیں اور زندگی لگتا ہے کہ انٹرنیٹ یا ٹی وی تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔
اس موقع پر گلوکار عاطف اسلم کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جو لوگوں کے اندر مثبت جذبات بڑھا رہی ہے۔
یوٹیوب، ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر عاطف اسلم کی جانب سے اذان دینے کی ویڈیو شیئر کی گئی۔
3 منٹ کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر لاکھوں بار دیکھا جاچکا ہے اور اب تک سیکڑوں کمنٹس میں لوگوں نے اسے سراہا بھی ہے۔
ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا 'عاطف اسلم کی آواز میں اذان کو سن کر رونگٹے کھڑے ہوگئے'۔
کچھ اور صارفین نے بھی اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا۔
کچھ افراد کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ہمیں اس کی ہی ضرورت تھی۔
کچھ نے عاطف اسلم کی اذان کو ان کے گانوں سے زیادہ بہتر قرار دیا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے عاطف اسلم سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں۔
اس سے پہلے انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہا تھا جبکہ لوگوں کو مستحق افراد کی امداد کے لیے عطیات دینے کا مشورہ بھی دیا تھا۔