لفظ ’قرنطینہ‘ کہاں سے آیا؟
آج کل ہر جگہ ’قرنطینہ‘ کا چرچا ہے۔ بعض لوگوں کا گمان ہے کہ یہ عربی کا لفظ ہے جو انگریزی میں کورنٹائن ہوگیا ہے۔ شاید اس کی وجہ قرنطینہ میں ’ق‘ اور ’ط‘ کی موجودگی ہے۔
’ط‘ عام طور پر عربی کے الفاظ میں استعمال ہوتا ہے۔ تاہم قرنطینہ عربی سے نہیں آیا۔ یہ اطالوی زبان کا لفظ ہے اور اس کی اصل QUARANTINA ہے جو QURANTA سے ماخوذ ہے۔ اس کا مطلب ہے چالیس۔
ابتدا میں قرنطینہ کی مدت 40 دن ہوتی تھی۔ اب یہ مدت بیماری کی نوعیت پر منحصر ہے۔ یورپ کی بیشتر زبانوں میں یہی اطالوی لفظ تھوڑی بہت تبدیلی کے ساتھ مستعمل ہے۔ عجیب بات ہے کہ اس وقت اٹلی ہی میں کورونا وائرس کا زور ہے اور ایک طرح سے پورا ملک قرنطینہ میں ہے۔
انگریزی میں یہ اطالوی لفظ QUARANTINE ہوا، اور فرانسیسی میں QUARANTAINE، ہسپانوی میں QUARANTENA اور جرمنی میں QUARANTANE ہے۔ انگریزی کے حروف Q اور U مشترک ہیں۔ ویسے بھی انگریزی میں Q کے بعد U لازمی طور پر آتا ہے۔ قرنطینہ میں وبا زدہ علاقوں سے آنے والے مسافروں کو طبیبوں کی نگرانی میں دوسروں سے الگ تھلگ رکھا جاتا ہے۔ پاکستان میں اس معاملے میں خاصی لاپروائی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔