کھیل

پی سی بی اور قومی کرکٹرز کا کورونا ایمرجنسی فنڈ کیلئے عطیات کا اعلان

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے، پی سی بی اور ملازمین بھی عطیات دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سینٹرل کنتریکٹ یافتہ کرکٹرز نے کورونا وائرس میں مدد کے لیے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں 50 لاکھ روپے سے زائد کے عطیات دینے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ تمام کرکٹرز اور ملازمین کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مالی امداد کے ذریعے حکومتی ایمرجنسی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: میسی اور رونالڈو کا 10، 10 لاکھ یوروز عطیات کا اعلان

اس سلسلے میں پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی مجموعی طور پر 50 لاکھ روپے عطیہ کریں گے۔

علاوہ ازیں پی سی بی کے سینئر منیجر کے عہدے تک کے ملازمین اپنی ماہانہ تنخواہ میں سے ایک روز جبکہ جنرل منیجر اور اس سے بڑے عہدے پر موجود ملازمین 2 روز کی تنخواہ فنڈ میں عطیہ کریں گے۔

پی سی بی بطور ادارہ اسٹاف سے اکٹھی ہونے والی رقم کے برابر امداد کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی روایت ہے کہ وہ ہر مشکل وقت میں اپنی حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور اب بھی اپنی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث اولمپکس 2020 اگلے سال تک ملتوی

انہوں نے کہا کہ ہماری صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کے ورکرز کے لیے یہ ایک مشکل وقت ہے اور ہم ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں تاکہ ہمارا معاشرہ جلد معمول کے مطابق چل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پی سی بی نے اپنی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے یہ ایک چھوٹی سی کاوش کی ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے معاشرے میں موجود دیگر سخی اور مخیر حضرات کی طرح پی سی بی کے کئی ملازمین اور کرکٹرز اپنے طور پر حکومتی فنڈ اور دیگر خیراتی اداروں میں عطیات دے رہے ہوں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: اٹلی میں سب سے زیادہ 7 ہزار ہلاکتیں، عالمی سطح پر اموات 21 ہزار سے تجاوز

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تمام افراد کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اپنے طور پر عطیات دینا جاری رکھیں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ایک قوم کی کامیابی کا اندازہ مشکل حالت میں اس کے اتحاد سے لگایا جاتا ہے اور اس مشکل وقت میں ہم سب کو ایک ہو کر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک بار پھر پوری قوم سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرے کیونکہ اس وبا سے محفوظ رہنے کا واحد راستہ احتیاط ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک باہمت قوم ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ ہم سب مل کر اس وبا کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: علما کرام کی حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی

یاد رہےکہ عالمی ادارِہ صحت، کورونا وائرس کو ایک عالمی وبا قرار دے چکا ہے اور وائرس کے نتیجے میں اب تک دنیا بھر میں کم از کم 21 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یہ وائرس پاکستان میں بھی انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک 1100 سے زائد افراد متاثر جبکہ 9 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

باہر نکلنے کے لیے جھوٹ بولا تو 3 ماہ قید ہوگی!

سعودی حکومت کی پاکستان سے حج معاہدے نہ کرنے کی درخواست

کورونا سے تحفظ کے اقدامات خوراک کی قلت کا باعث بنیں گے، ترجمان اقوام متحدہ