کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک 'سخت شیڈول' پر پی سی بی پر برہم
کراچی: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پرفارمنس کچھ خاص نہیں اور فرنچائز کا ماننا ہے کہ مسلسل سفر کرنے کے شیڈول نے ان کی کارکردگی کو متاثر کیا ہے۔
دفاعی چیمپیئنز نے ٹورنامنٹ میں 8 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف 3 میں فتح حاصل کی ہے، جس کے ساتھ وہ پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت سب سے نیچے ہے اور پلے آف مرحلے تک پہنچنے کے لیے اسے مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے اپنے سفری شیڈول کو 'غیر منصفانہ' قرار دے دیا۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'ہم زیادہ تر اپنا وقت سفر میں گزار رہے ہیں جبکہ دیگر ٹیموں کو کھیلوں کے درمیان آرام کا وقت ملتا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارا کوئی ہوم گراؤنڈ نہیں یہ ٹھیک ہے مگر عارضی ہوم گراؤنڈ ہمارے لیے مختص کیا جاسکتا ہے تاکہ ٹیم میزبان شہر کراچی، لاہور، ملتان یا راولپنڈی میں تھوڑے زیادہ عرصے کے لیے رک سکے'۔
مزید پڑھیں: دھمال کی ہیٹ ٹرک: قلندرز نے اپنے بھی سارے ریکارڈ توڑ دیے
انہوں نے کہا کہ 'بار بار سفر کرنے، آرام مکمل نہ ہونے اور پریکٹس کے مواقع کم ہونے کا اثر ہماری ٹیم کی کارکردگی پر پڑرہا ہے جو کراچی میں پہلے مرحلے میں بہت بہتر تھی'۔
کوئٹہ نے کراچی میں اپنے ابتدائی 3 میچز میں سے 2 میں فتح حاصل کی تھی تاہم راولپنڈی میں اپنا پہلا کھیل جیتنے کے 6 روز کے اندر راولپنڈی واپس آنے سے قبل انہوں نے ملتان اور لاہور میں شکست کا سامنا کیا تھا۔