ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاہین شاہ آفریدی نے شروع میں ہی لیوک رونکی کو آؤٹ کرکے بڑی کامیابی دلائی جب اسکور صرف 3 رنز تھا جس کے بعد محمد حفیظ نے ایک اور خطرناک بلے باز کولن منرو کی وکٹ حاصل کرلی جس کے باعث اسلام آباد کی ٹیم شدید دباؤ میں آگئی۔
کپتان شاداب خان نے ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر اسکور کو 62 رنز تک پہنچایا لیکن اس مرتبہ ڈیوڈ ویزے نے ملان کی وکٹیں اڑا دیں جنہوں نے 22 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے 52 رنز کی شان دار اننگز کھیلی لیکن انہیں 91 کے مجموعی اسکور پر حارث رووف نے پویلین بھیج دیا۔
کولن انگرام نے ایک اوور 20 سے زائد رنز حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا تھا لیکن سمت پٹیل اور شاہین شاہ آفریدی نے آصف علی اور انگرام کو آؤٹ کرکے میچ کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی لیکن دوسری طرف سے یونائیٹڈ کے بلے باز ہار ماننے کو ہر گز تیار نہیں تھے اور اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
حارث رووف نے خطرناک عزائم کا اظہار کرنے والے فہیم اشرف کی وکٹ اہم موقع پر حاصل کی جب اسکور 152 رنز ہوچکا تھا، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے عماد بٹ کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے 8 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 163 رنز پر 9 وکٹیں گرنے کے باوجود عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو آخری اوور تک لے کر گئے، عثمان شنواری نے لاہور قلندرز کی جانب سے آخری اوور کیا جس کا سامنا موسیٰ خان اور احمد صفی عبداللہ نے کیا۔
موسیٰ خان نے آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر چھکا مار کر لاہور قلندرز کے اوسان خطا کردیے یوں اسلام آباد یونائیٹڈ نے میچ ایک وکٹ سے جیت کر دوسری کامیابی سمیٹ لی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 183 رنز کا ہدف ایک گیند قبل ہی 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
موسیٰ خان نے 17 اور احمد صفی عبداللہ نے 8 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو شان دار کامیابی دلا دی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں لیکن ٹیم کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں، حارث رووف نے 2، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے اور پٹیل نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا تھا کہ لاہور قلندرز مضبوط ٹیم ہے اور میچ میں بہترین کارکردگی دکھانےکی کوشش کریں گے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہنا تھا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی باؤلنگ کرتے اور اس وکٹ پر 170 سے زائد رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔
لاہور قلندرز : سہیل اختر(کپتان)، کرس لِن، فخر زمان، محمد حفیظ، ڈین ولاس، ڈیوڈ ویزے، محمد فیضان، سمیت پٹیل، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور عثمان شنواری۔
اسلام آباد یونائیٹڈ : شاداب خان(کپتان)، لیونک رونکی، کولن منرو، کولن انگرام، ڈیوڈ ملان، آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، عماد بٹ، محمد موسیٰ اور احمد صفی عبداللہ