موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی غذائی قلت کو کیسے روکیں؟
موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان میں ناقص غذا اور بچوں کی نشوونما میں رکاوٹ کا مسئلہ بد سے بدترین صورت اختیار کرسکتا ہے۔ اگرچہ ماہرین بہت پہلے ہی زراعت اور غذائی تحفظ کو موسم سے لاحق خطرات کے بارے میں آگاہ کرچکے تھے لیکن حالیہ وقتوں میں موسمیاتی تبدیلی اور ناقص غذا کے درمیان تعلق اب واضح طور پر نظر آنے لگا ہے۔
مختلف امدادی تنظیموں کی جانب سے شروع کردہ پروگرام ’اسکیلنگ اپ نیوٹریشن‘، ایک ایسا مشترکہ پروگرام ہے جو اب تک 30 سے زائد ممالک کو ان کے ہاں قومی سطح پر خوراک سے جڑی حکمت عملی جوڑنے میں معاونت کرچکا ہے۔ یہ پروگرام فصل کی ناکامیوں اور غذائی عدم تحفظ کی وجہ بعض اوقات قحط سالی، طوفان یا شدید گرمی کی لہر جیسی موسمیاتی آفات کو قرار دیتا ہے۔
تاہم چند حالیہ پروگراموں نے موسمیاتی تبدیلی، درجہ حرارت میں اضافے اور بڑھتے موسمی تغیر کا بھی تذکرہ کیا ہے۔ حالیہ وقتوں میں ماہرین بھی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مسائل کو مدِنظر رکھتے ہوئے نئی پالیسیاں مرتب کر رہے ہیں۔ اپنی مستقبل کی غذائی حکمت عملی میں پہلے سے زیادہ وسیع اور مربوط لائحہ عمل اپنانے کے لیے پاکستان کے پاس یہی اچھا موقع ہے۔