’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط رکوانے کیلئے خاتون عدالت پہنچ گئیں
تنقید کا نشانہ بننے والے مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط کو نشر ہونے سے رکوانے کے لیے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی خاتون نے عدالت سے رجوع کرلیا۔
’میرے پاس تم ہو‘ کی پروڈکشن ٹیم اور اسے نشر کرنے والے ٹی وی چینل ’اے آر وائے ڈیجیٹل‘ نے ڈرامے کی آخری قسط رواں ماہ 25 جنوری کو ٹی وی سمیت سینما گھروں پر دکھائے جانے کا اعلان کر رکھا ہے اور شائقین ڈرامے کی آخری قسط دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
اگرچہ ’میرے پاس تم ہو‘ میں خواتین کو منفی کردار میں دکھائے جانے پر اس پر کئی ماہ سے تنقید کا سلسلہ جاری ہے تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی خاتون ڈرامے کے خلاف عدالت میں گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط سینما گھروں میں بھی دکھانے کا اعلان
لاہور کی ماہم جمشید نامی خاتون نے اپنے وکیل کے توسط سے سول کورٹ میں ڈرامے کی آخری قسط کو نشر کرنے سے روکنے سے متعلق درخواست دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مذکورہ ڈرامے میں خواتین کی تضحیک کی گئی اور انہیں منفی کردار میں دکھا کر سماج میں خواتین کی غلط عکاسی کرنے کی کوشش کی گئی۔