سال 2019 میں طلوع ہوتی کتابیں
صاحبو، اپنے اختتام کی سمت گامزن اس سال نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ اس ملک میں کتاب کا عشق ابھی ختم نہیں ہوا، اس کی خوشبو کے متلاشی کم نہیں، ان میں سانس لیتی دانش کا آج بھی ایک زمانہ معترف ہے۔
ماضی کے برعکس اب شہر شہر ادبی میلے اور کانفرنسیں ہوتی ہیں۔ صرف کراچی، لاہور اور اسلام آباد ہی نہیں بلکہ فیصل آباد، گوادر اور پشاور سے بھی دل پذیر خبریں موصول ہورہی ہیں۔ کتب میلوں کا سفر بھی جاری، جس میں لاکھوں افراد شریک ہوتے ہیں اور ہزاروں کتابیں خریدی جاتی ہیں۔
اس برس بھی کئی اہم کتب منظرِ عام پر آئیں۔ سب تک رسائی نہ تو ممکن، نہ ہی تمام کو پڑھ پانے کی قوت۔ ہاں، مگر جو کتب مطالعے میں آئیں، ان میں چند ضرور ایسی ہیں جو دل میں میرے اتر گئیں۔
اس تحریر کا مقصد ادب کے قارئین کو سال 2019ء کی ان کتب سے متعارف کروانا ہے، جنہیں پڑھنا ان کے لیے ایک دل پذیر تجربہ ثابت ہوگا۔ ہمارا میدان کیونکہ فکشن ہے اس لیے بیشتر کتابوں کا تعلق فکشن ہی کے میدان سے ہے۔