شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کے سیکوئل کا کام مکمل؟
فنٹیسی اور سائنس فکشن فلموں کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ ہولی وڈ کے مایہ ناز فلم ساز جیمز کیمرون نے ایک دہائی قبل ریلیز کی گئی اپنی شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کے پہلے سیکوئل کی نصف شوٹنگ مکمل کرلی۔
جیمز کیمرون گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور گزشتہ برس اپریل میں انہوں نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ ’اوتار‘ کا سیکوئل بنائیں گے۔
رواں برس اپریل میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایکشن ہیر ون ڈیزل بھی ’اوتار‘ کے سیکوئل میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ ون ڈیزل اور جیمز کیمرون ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔
جیمز کیمرون کی جانب سے ’اوتار‘ کے بنائے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر بتایا گیا کہ شہرہ آفاق فلم کے سیکوئل کی 2019 کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی اور اب نئے سال میں فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا جائے گا۔
اگرچہ ٹیم نے واضح نہیں کیا کہ فلم کی کتنی شوٹنگ مکمل ہوئی ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کی نصف سے زائد شوٹنگ کو مکمل کرلیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کی نئی سیریز بنے گی
ٹوئٹ کے ذریعے فلم کی ٹیم نے شوٹنگ کے دوران لی گئی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مذکورہ سین فلم کی 2019 کی شوٹنگ کا آخری دن ہے۔
ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ سال 2019 میں فلم کا آخری سین سمندر میں شوٹ کیا گیا ہوگا۔
مزید پڑھین: ایکشن ہیرو ون ڈیزل شہرہ آفاق فلم ’اوتار‘ کا حصہ
اس بات کا بھی اعلان نہیں کیا گیا کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا اور اس کا پہلا ٹریلر کب تک سامنے آئے گا، اس سے قبل خبریں تھیں کہ ’اوتار‘ کے پہلے سیکوئل کو دسمبر 2020 تک ریلیز کیا جائے گا۔