’جنگلات میں آگ کے معاملے پرامداد نہیں دی‘
برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے 2 روز قبل دعویٰ کیا تھا کہ رواں برس اگست میں ایمیزون جنگلات میں لگنے والی آگ کو دنیا کو دکھانے کے لیے ہولی وڈ اداکار لینارڈو ڈی کیپیریو نے فنڈز فراہم کیے تھے۔
برازیلی صدر نے اداکار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ٹائی ٹینک‘ ہیرو نے ایک فلاحی ادارے کو 5 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد دی تاکہ ادارہ جنگلات میں لگنے والی آگ کی تصاویر و ویڈیوز بناکر دنیا کے سامنے پیش کرے۔
رپورٹس کے مطابق برازیلی صدر نے سوشل میڈیا پوسٹس پر کمنٹس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کو لینارڈو ڈی کیپریو نے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد فراہم کی، تاکہ تنظیم کے رضاکار جنگلات میں جاکر آگ کی ویڈیوز اور تصاویر بنائیں جنہیں دنیا کے سامنے پیش کرکے برازیل کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی۔
برازیلی صدر نے ہولی وڈ اداکار کی جانب سے فلاحی تنظیم کو امداد دیے جانے کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے تھے لیکن دعویٰ کیا تھا کہ لیونارڈو ڈی کیپریو نے امداد فراہم کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ’ایمیزون جنگلات میں آگ کے معاملے پر لیونارڈو ڈی کیپریو نے امداد دی‘
برازیلی صدر کے الزامات کے بعد جہاں ڈبلیو ڈبلیو ایف نے الزامات کو مسترد کیا تھا وہیں لیونارڈو ڈی کیپریو نے بھی مختصر بیان کے ذریعے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔
اور اب اداکار نے جیئر بولسونارو کے الزامات پر سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے وضاحت کی اور خود پر لگے الزامات کو جھوٹا قرار دیا۔