'بیٹا جیسا بھی ہو، ماؤں کو بہو گوری چٹی ہی چاہیے'
پاکستان کی نامور ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس ہمیشہ ہی خواتین کے حقوق کے حوالے سے بات کرتی نظر آتی ہیں اس کے علاوہ وہ متعدد پلیٹ فارمز پر رنگ گورا کرنے والے پروڈکس کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتی آرہی ہیں۔
آمنہ الیاس کو 2015 میں لکس اسٹائل ایوارڈز کی جانب سے سال کی بہترین ماڈل کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔
اس دوران انہوں نے یہ ایوارڈ قبول کرتے ہوئے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ 'وہ تمام لوگ جو کہتے تھے آئے ہائے کتنی کالی ہے اور مجھے بدصورت سمجھتے تھے، یہ ایوارڈ ان کے لیے میرا جواب ہے'۔
ماڈل کی اس تقریر کو شوبز انڈسٹری کی شخصیات کے ساتھ ساتھ مداحوں نے بھی خوب پسند کیا تھا اور اس کے بعد سے ان کی مقبولیت میں اضافہ ہی دیکھنے میں آیا۔
بی بی سی اردو کو دیے ایک انٹرویو میں بھی آمنہ الیاس نے بتایا کہ ان کی رنگت پر صرف شوبز انڈسٹری کے لوگوں نے ہی نہیں بلکہ خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی تنقید کی۔