بچوں کو موبائل و کمپیوٹر آلات سے دور رکھنے کے طاقتور طریقے
عالیان کا ہروقت ایک ہی کام تھا، موبائل پر کارٹون دیکھنا، اگر موبائل اس کے بابا کے پاس ہے تو پھر ٹی وی پر ہی سہی، صبح و شام اور رات دن کی یہ مشغولیت آہستہ آہستہ عالیان کی جسمانی کمزوری کے ساتھ ساتھ شدید ذہنی دباؤ، چڑچڑے پن اور ہر کسی سے دور بھاگنے کی صورت میں نکلنی شروع ہوگئی۔
موبائل دور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو چکی تھی کیونکہ اس کے والد اور والدہ اسے کوئی متبادل نہیں دے پارہے تھے جو اتنا دلچسپ ہو کہ اسے موبائل سے دور رکھ سکے، اتفاق سے ایک کاؤنسلنگ کے ماہر سے بات ہوئی تو انہوں نے بچوں کو ہر طرح کی ڈیوائس کے استعمال کا وقت کم کرنے کا سب سے بہتر ٹول عالیان کے والد کو سکھایا اور وہ ٹول تھا کوئی بھی کھیل کھیلنا۔
بچوں کے لیے ڈیوائس کی رنگارنگ دنیا سے بھی زیادہ جو چیز، اتنی دلچسپ ہو سکتی کہ انہیں اسکرین دیکھنے کا خیال بھی نہ آئے وہ والدین کا بچوں کا ساتھ کھیلنا ہے، چاہے پھر کوئی سا بھی کھیل کیوں نہ ہو جو بچے کو اپنے اندر جذب کرلے۔