ٹی20 سیریز کے لیے بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کی پاکستان آمد
پاکستان میں عالمی کرکٹ بحالی کے سلسلے میں ایک اور اہم پیشرفت ہوئی ہے اور بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم ٹی20 سیریز میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گئی ہے۔
بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم بدھ کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی جہاں پی سی بی ویمن ونگ کے عہدیداروں نے ٹیم کا استقبال کیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کا آغاز 26اکتوبر کو ہو گا جہاں سیریز کے بقیہ دونوں میچ بھی بالترتیب 28 اور 30اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی20 سیریز کی تقریب رونمائی کل قذافی اسٹیڈیم میں ہو گی جس کے بعد دونوں ٹیموں کی کپتان پریس کانفرنس سے خطاب کریں گی جبکہ دونوں ٹیمیں ٹریننگ بھی کریں گی۔
25 اکتوبر کو دونوں ٹیمیں ٹریننگ کریں جس کے بعد پہلا ٹی20 میچ 26اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
سیریز کے بقیہ دونوں ٹی20 میچز 28 اور 30 اکتوبر کو ہوں گے جس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم وطن واپس لوٹ جائے گی۔
سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔
اسکواڈ کا اعلان مریدکے میں لگائے قومی ویمن ٹیم کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو جانچنے کے بعد کیا گیا۔
چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے کہا کہ یہ جون میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی گئی سیریز کے بعد قومی ٹیم کی پہلی سیریز ہو گی جہاں موجودہ ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا حسین امتزاج ہے۔
بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
بشمہ معروف(کپتان)، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ارم جاوید، جویریہ خان، کائنات امتیاز، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل، صبا نذیر، سعدیہ اقبال، ثنا میر، سدرہ امین اور سدرہ نواز۔