لفظ ’لواطت‘ کا استعمال اس قدر بُرا کیوں سمجھا جاتا ہے؟
اردو لغات تک میں صلواتیں سنانے کا مطلب بُرا بھلا کہنا، گالیاں دینا لکھا گیا ہے اور یہ بہت عام ہوچکا ہے، اس سے بچنا چاہیے
ماہنامہ سیارہ کے مدیر جناب حفیظ الرحمٰن احسن کا خط بنام محترم غازی علم الدین پڑھنے کا موقع ملا۔ گوکہ دوسروں کے خط پڑھنے کو اچھا نہیں سمجھا جاتا، لیکن یہ خطوط افادۂ عام کے لیے شائع ہوچکے ہیں۔
جناب احسن نے لکھا کہ ’جب وہ ماہنامہ سیارہ میں کام کررہے تھے تو رسالے کے مدیر نے انہیں نصیحت کی کہ ’’کبھی ’بسم اللہ ہی غلط ہوگئی‘ کا جملہ کسی تحریر میں نہ جانے دینا کہ یہ (محاورہ) اللہ کی توہین کے مترادف ہے‘‘۔
اس بات کا اعادہ ضروری ہے کہ ہم لوگ بلا سوچے سمجھے یہ کہہ ڈالتے ہیں، حالانکہ اللہ کے نام سے شروع کیا جانے والا کوئی بھی کام غلط نہیں ہوسکتا۔ حفیظ الرحمٰن احسن نے ایسے ہی چند اور الفاظ کی نشاندہی کی ہے، مثلاً ’صلوٰاتیں سنانا‘۔