خطرات کے باوجود ’جوکر‘ کی نمائش اور ریکارڈ کمائی
ہولی وڈ کی سپرولن سائکالاجی تھرلر فلم ’جوکر‘ کو تمام خطرات کے باوجود امریکا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا اور فلم نے توقعات پر پورا اترتے ہوئے ریکارڈ بزنس بھی کیا۔
طاقتور فکشن ولن کردار ’جوکر‘ پر بنائی گئی فلم کو ریلیز کرنے سے متعلق امریکا کے سیکیورٹی اداروں نے انتباہ جاری کیا تھا اور خدشہ ظاہر کیا تھا کہ فلم کی ریلیز کے موقع پر فائرنگ، قتل و غارت و تشدد کے واقعات ہو سکتے ہیں۔
امریکی سیکیورٹی اداروں نے یہ انتباہ اس لیے جاری کیا تھا کیوں کہ فلم کے مرکزی کردار ’جوکر‘ پر ماضی میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی ڈارک نائٹ رائزز‘ کی 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم کے دوران سینما گھر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔
’دی ڈارک نائٹ رائزز‘ کی ریلیز کے پہلے ہی دن امریکا میں ایک سینما گھر کے اندر فائرنگ سے کم سے کم ایک درجن افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
یہ فلم ’ڈارک نائٹ ٹرائلوجی‘ کی آخری فلم تھی جو معروف سائنس فکشن فلم ’بیٹ مین‘ سیریز کے کرداروں پر بنی فلم تھی۔
یہ بھی پڑھیں: جرائم کی دنیا پر راج کرنے والا 'جوکر'
اگرچہ اس فلم کے بعد بھی ’جوکر‘ کو دیگر فلموں میں دکھایا گیا اور وہ آنے والی فلموں میں بھی دکھائی دیں گے، تاہم ’جوکر‘ اس کردار کی پہلی مرکزی فلم ہے جس وجہ سے یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس کی ریلیز کے موقع پر امن و امان کے مسائل ہو سکتے ہیں۔