چُکیل: سوات کے اپنے فیری میڈوز کی سیر
اگر محکمۂ سیاحت اور متعلقہ حکومتی ادارے اس طرف نظرکرم فرمائیں تو سیاح گلگت بلتستان کے فیری میڈوز کی کہانی بھول جائیں گے
چُکیل: سوات کے فیری میڈوز
تحریر و تصاویر: امجد علی سحاب
اگر اہلِ گلگت بلتستان کو ’فیری میڈوز‘ پر فخر ہے، تو اہلِ خیبر پختونخوا کو بجا طور پر ’چکیل بانڈہ‘ پر فخر کرنا چاہیے، جہاں فطرت اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جلوہ گر ہے۔
خیبر پختونخوا کی جنت نظیر وادی سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سے محض 77 کلومیٹر کے فاصلے پر وادئ مانکیال تک کا راستہ پختہ سڑک کی شکل میں ملتا ہے، جہاں سے آگے فور بائے فور گاڑی کے ذریعے وادئی مانکیال کے مختلف درّوں بڈئی، سیرئی اور گٹ خوا کے پہاڑوں کا سینہ چیر کر کچا مگر پُرخطر راستہ بنایا گیا ہے، جو مانکیال ندی (مانکیال خوڑ) کے ساتھ ساتھ آخری اسٹاف (گٹ خوا) تک تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی صبر آزما مسافت پر مشتمل ہے۔