ریلیز سے قبل ’زندگی تماشا‘ عالمی ایوارڈ کے لیے نامزد
سیاست کا لبادہ اوڑھے معاشرے میں اہم مقام رکھنے والی شخصیات کے غلیظ اعمال کو سامنے لاتی فلم نے ریلیز سے قبل دھوم مچادی۔
فلم ساز سرمد کھوسٹ کی فیچر فلم ’زندگی تماشا‘ کا ٹریلر 2 دن قبل ہی جاری کیا گیا تھا، جس نے ریلیز ہوتے ہی شائقین میں پذیرائی حاصل کرلی تھی۔
فلم کے جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی انتہائی حساس اور اہم موضوع کے گرد گھومتی ہے۔
فلم کے ٹریلر میں عندیہ دیا گیا تھا کہ فلم میں مذہب اور سیاست کا لبادہ اوڑھے لوگ کس طرح اپنا مقاصد حاصل کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'زندگی تماشا' کا پہلا ٹریلر سامنے آگیا
فلم میں کچھ کرداروں کو بظاہر اچھے مگر چھپے ہوئے خراب کرداروں میں بھی دکھایا گیا تھا۔