حیرت انگیز

اسٹیو جابز کے ہمشکل نے انٹرنیٹ صارفین کو پریشان کردیا

اسٹیو جابز 2011 میں کینسر کے باعث 56 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے مگر کچھ حلقوں کا ماننا ہے کہ وہ اب بھی زندہ ہیں۔

جب بھی امریکی کمپنی ایپل کی بات ہوتی ہے تو اسٹیو جابز کا خیال ضرور ذہن میں آتا ہے جن کے خیالات نے اسے دنیا میں جانی پہچانی کمپنی بنایا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب اسٹیو جابز عمر کی چوتھی دہائی میں تھے تو انہیں اس کمپنی سے ہی نکال دیا گیا جو انہوں نے خود تشکیل دی تھی یعنی ایپل۔

2005 میں ایک تقریر کے دوران اسٹیو جابز نے بتایا کہ اس برطرفی کے بعد مجھے لگا کہ میری پوری زندگی کا مقصد ختم ہوگیا اور یہ احساس تباہ کن تھا۔

1985 میں نکالے جانے کے بعد اسٹیو جائز نے پورا موسم گرما ایک بحرانی کیفیت میں گزارا اور پھر ایک کمپیوٹر کمپنی نیکسٹ کی بنیاد رکھی جسے بعد میں ایپل نے ہی خرید لیا۔ ایک دہائی بعد ان کی ایپل میں پھر واپسی ہوئی اور اس وقت وہ آئی پوڈ، آئی فون اور آئی پیڈ جیسی ڈیوائسز کے آئیڈیا کو ساتھ لے کر گئے۔

اسٹیو جابز 2011 میں کینسر کے باعث 56 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے مگر کچھ حلقوں کا ماننا ہے کہ ایپل کے بانی اب بھی زندہ ہیں۔

جی ہاں واقعی، اس طرح کے عجیب خیالات رکھنے والوں کو مزید تقویت اس وقت ملی جب حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر اسٹیو جابز سے ملتے جلتے ایک شخص کی تصویر وائرل ہوئی۔

اور یہ پہلا موقع نہیں جب کسی تصویر نے اسٹیو جابز کے زندہ ہونے کی افواہوں کو جنم دیا ہو، 2014 میں بھی برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کسی شخص کی تصویر ریڈیٹ پر پوسٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر کافی ہلچل نظر آئی تھی۔

بظاہر مصر میں لی جانے والی اس تصویر نے ہزاروں افراد کو چکرا کر رکھ دیا ہے جسے پہلے فیس بک اور پھر سوشل میڈیا سائٹ ریڈیٹ پر شیئر کیا گیا۔

فوٹو بشکریہ Ahmed Basyouney فیس بک اکاؤنٹ

اور یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ تصویر میں جو شخص ہے وہ واقعہ اسٹیو جابز سے بہت ملتا جلتا ہے، یہاں تک کہ ننگے پیر بیٹھا ہوا ہے جو ایپل کے بانی کو بہت زیادہ پسند تھا۔

تاہم اسٹیو جابز سے اسے الگ کرنے والی اس کی کلائی میں موجود گھڑی ہے کیونکہ انہوں نے کبھی ایپل واچ کو نہیں پہنا۔

جہاں تک ان کے زدہ ہونے کا دعویٰ کرنے والوں کی بات ہے تو ان کا کہنا ہے کہ اس شخص کے بیٹھنے کا انداز اور مصر میں موجودگی ہمارے خیال کو درست ثابت کرتی ہے کیونکہ ایپل کے بانی کو مصر بہت پسند تھا۔

کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ اگر اسٹیو جابز زندہ ہوتے تو وہ کبھی بھی جلد متعارف ہونے والی ایپل واچ میں سرامکس کیسنگ پر خاموش نہیں رہتے۔

اب یہ نامعلوم شخص جو بھی ہو مگر ایک ریڈیٹ صارف نے اسے کیرئیر بنانے کے لیے ایک زبردست خیال ضرور دیا ہے، اس نے لکھا ' ایپل اس شخص کی خدمات حاصل کرکے امریکا لائے اور مہم شروع کرے کہ اسٹیو جابز موت سے واپس لوٹ آئے ہیں، جو میک بک کی بورڈ کو ٹھیک کریں گے'۔