سُپر اسٹار: بہت محنت سے بنائی گئی ایک بُری فلم
اچھی اور بُری دونوں طرح کی فلموں میں ایک بات یکساں ہوتی ہے، جس کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اور وہ بات ہے ’محنت‘، کیونکہ دونوں طرح کی فلموں پر ایک جیسی ہی محنت کی جاتی ہے۔ اب یہ فلم کی قسمت، وہ اچھی بنی ہوئی ہو اور باکس آفس پر ناکام ہوجائے یا پھر بہت ہی عامیانہ سی فلم ہو لیکن باکس آفس اس کے قدموں میں آن پڑے، زیرِ نظر فلم کے بارے میں یک سطری تبصرہ یہی ہے کہ ’یہ بہت محنت سے بنائی گئی ایک بُری فلم ہے۔‘
فلم سازی
اس فلم کو پروڈیوس کرنے والا ادارہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ میں کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ اس ادارے نے ٹیلی وژن ڈرامے کے نجی شعبے میں ملک گیر شہرت حاصل کی۔ اس چینل کی سب سے بڑی کامیابی کی وجہ اپنی پروڈکشنز کا بنانا تھا۔ انہوں نے معاشرے کی نبض پر ہاتھ رکھا اور نت نئے موضوعات پر ڈرامے بنائے، لیکن ڈرامے کے شعبے میں انہیں جو مہارت حاصل رہی، وہ فلم کے شعبے میں کام نہ آسکی، جس کی کئی ایک مثالیں ان کی بنائی اور تقسیم کی جانے والی فلمیں ہیں۔