کھیل

سابق کیوی کوچ مائیک ہیسن پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے خواہاں

پاکستان کے سابق کوچ مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے۔

مکی آرتھر کو عہدے سے فارغ کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش شروع کردی ہے اور ہیڈ کوچ کے عہدے کی دوڑ میں نیوزی لینڈ کے سابق کوچ مائیک ہیسن بھی شامل ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز ہی مکی آرتھر کو کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا اور کل ہی مائیک ہیسن نے بھی کنگز الیون پنجاب کے کوچنگ پینل سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔

مزید پڑھیں: پی سی بی کا کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

44سالہ مائیک ہیسن نے گزشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کنگز الیون پنجاب کی ایک سال بعد کوچنگ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

مائیکل ہیسن نے 6سال تک نیوزی لینڈ کی ٹیم کی کوچنگ کی تھی اور ان کی کوچنگ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 2015 کے ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

نیوزی لینڈ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مکی آرتھر کے استعفے کے بعد نیوزی لینڈ کے سابق کوچ پاکستان کی کوچنگ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور ہیڈ کوچ کے امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ان دنوں بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تلاچ کا عمل بھی جاری ہے اور مائیک ہیسن بھارتی ٹیم کی کوچنگ میں بھی دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے 'مایوسی اور دکھ' ہوا، مکی آرتھر

مائیک ہیسن نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ کی کوچنگ چھوڑ دی تھی اور ان کی جگہ گیری اسٹیڈ کو کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ مکی آرتھر نے انگلش ٹیم کی کوچنگ کے لیے بات کی تھی اور ممکنہ طور پر یہی وجہ تھی جس کے سبب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے معاہدے میں مزید توسیع کی ضرورت محسوس نہ کی۔