ورلڈ کپ 2019ء کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں پر ایک نظر
کرکٹ کا 12واں عالمی کپ 46 دن تک جاری رہنے کے بعد لارڈز کے تاریخی میدان میں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مابین ہونے والے فائنل کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔
یہ ٹورنامنٹ زیادہ دلچسپ اور سنسنی خیز رہے، اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اسے 10 ٹیموں تک محدود کردیا تھا۔ آئی سی سی کا خیال تھا کہ ان کے اس اقدام سے ورلڈ کپ کے تمام ہی میچ دلچسپ اور کانٹے دار ہوں گے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔
اس لیے ورلڈ کپ میں جو اچھے میچ ہوئے ہیں، ان کی ہم نے کچھ چھانٹی کی ہے، اور ہمیں جو سب سے یادگار میچ لگے، اس کا ذکر آپ کے سامنے کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن اس سے پہلے اس ٹورنامنٹ کی ایک اور خاص بات بھی بتا دینی چاہیے کہ ٹورنامنٹ میں زیادہ تر وہ ٹیمیں کامیاب ہوئی ہیں جنہوں نے ٹاس ہارے ہیں۔
تو چلے آئیے اس ٹورنامنٹ کے دوران کھیلے جانے والے چند دلچسپ ترین اور سنسنی خیز مقابلوں کا ایک جائزہ لیتے ہیں۔
پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
عالمی کپ کا چھٹا میچ ناٹنگم کے مقام پر پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلا گیا۔ اس میچ سے چند روز قبل کھیلی جانے والی ایک روزہ سیریز میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کو 5 میچوں کی سیریز میں 0-4 سے بدترین شکست کی ہزیمت اُٹھانی پڑی تھی۔ اگر پہلا میچ بارش سے متاثر نہیں ہوتا تو یہ 0-5 بھی ہوسکتا تھا۔
یہی نہیں بلکہ ورلڈ کپ کے اپنے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست ہوئی تھی۔ اس تمام تر تناظر میں انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست واضح نظر آرہی تھی کیونکہ اس مقابلے سے قبل پاکستان کو مسلسل 11 ایک روزہ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دوسری طرف انگلینڈ مسلسل جیت رہا تھا۔