ملٹی میڈیا

بھارت میں موسلا دھار بارشوں سے تباہی

ممبئی میں دیوار گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی، آئندہ چند دنوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

بھارت کے شہر ممبئی میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں دیوار گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی جبکہ آئندہ چند دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے ’ اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ممبئی میں لگاتار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے شہر ٹرینوں کی روانی متاثر ہوگئی ہے، ایئرپورٹ رن وے بند کردیا گیا اور ٹریفک کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔

بھارت کی نیشنل ڈزاسٹر رسپونس فورس( این ڈی آر ایف) نے بتایا کہ وہ ممبئی سے 275 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تیواری ڈیم ٹوٹنے کی وجہ سے سیلاب کا شکار ہونے والے علاقوں تک رسائی کے لیے ڈرون کا استعمال کررہے ہیں۔

ترجمان الوک آوستھی نے بتایا کہ ’8 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں اور 15 افراد تاحال لاپتہ ہیں‘۔

پولیس کی ٹیمیں اور سرکاری حکام امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت میں مقامی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ شہر کے شمال میں واقع بستی میں دیوار گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 24 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ کئی افراد زیر علاج ہیں۔

بھارت کے محکمہ موسمیات آئندہ چند دنوں میں ممبئی میں مزید طوفانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

گزشتہ روز حکام کی وجہ سے رن وے بند کرنے کے بعد کے 100 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں اور پروازیں تاحال معطل ہیں۔ موسم کا حال بتانے والی نجی ایجنسی اسکائی میٹ ویدر کے مطابق ممبئی کو سیلاب کے سنگین خطرات کا سامنا ہے کیونکہ آئندہ چند دن میں شہر میں 200 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔بھارت میں مون سون بارشوں کے دوران اکثر اوقات ڈیم اور عمارتیں ٹوٹ جاتی ہیں۔