زنگ آلود ریوالور 2 کروڑ روپے سے زائد میں نیلام
شہرہ آفاق مصور وین خوخ کی جانب سے خودکشی میں استعمال کیے جانے والے ریوالور کا ہینڈل اور ٹریگر بھی بری طرح متاثر تھا۔
شہرہ آفاق ڈچ مصور وین خوخ کی جانب سے خودکشی میں استعمال کیا جانے والا زنگ آلود ریوالور ریکارڈ قیمت میں 2 کروڑ روپے سے زائد میں فروخت کردیا گیا۔
وین خوخ نے مسلسل ذہنی مسائل اور بیماریوں سے لڑنے کے بعد تنگ آکر 1890 میں خود کو اسی پستول سے زخمی کردیا تھا اور کچھ دن بعد زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔
وین خوخ جنہیں وین گوف اور وان گوگ کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے، نیدرلینڈ میں 1853 کو پیدا ہوئے اور محض 37 سال میں چل بسے۔
وین خوخ کو اپنی زندگی میں ہی شہرت ملی تھی تاہم موت کے بعد وہ انتہائی مشہور ہوئے اور ان کی پینٹنگز ریکارڈ قیمت میں فروخت ہونے لگیں۔
وین خوخ نے زیادہ تر قدرتی خوبصورتی کی شاہکار پینٹنگز اور خاکے بنائے، تاہم انہوں نے نسوانی خوبصورتی کو بھی چھیڑا۔