پاکستانی ہارر فلم ’کتاکشا‘ بین الاقوامی نمائش کیلئے منتخب
کتاکشا لندن فرائٹ فیسٹ فلم فیسٹیول میں رواں برس اگست میں پیش کی جائے گی، ہدایت کار ابو علیحہ
تجسس اور خوف سے بھرپور پاکستانی ہارر فلم ’ کتاکشا‘ کو رواں برس اگست میں لندن فرائٹ فیسٹ فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔
پاکستان سنیما ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق اس فلم کی ہدایات پاکستانی فلم ساز ابو علیحہ نے دی ہیں، یہ کم بجٹ میں بنائی گئی ڈراؤنی فلم ہے جو چکوال میں واقع کٹاس راج مندر پر مبنی ہے۔
فلم کی تفصیلات تاحال بیان نہیں کی گئی لیکن اہم بات یہ ہے کہ یہ بین الاقوامی شائقین، انویسٹرز کے لیے پیش کی جائے گی جو نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں رہتے ہیں۔
کتاکشا فلم میں سلیم معراج، مبین گبول، قاسم خان اور کرن تعبیرر مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گے جسےرواں برس اگست میں لندن فرائٹ فیسٹ فلم فیسٹیول میں اسکریننگ کے لیے پیش کیا جائے گا۔