لائف اسٹائل

آر کیلی پر’ریپ‘ الزامات پر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی

امریکی پاپ گلوکار پر کم عمر لڑکیوں کے ریپ اور جنسی جرائم کے 11 نئے الزامات لگائے گئے تھے۔

بل بورڈز سمیت دیگرمیوزک چینلز کے مقبول ترین گلوکاروں میں شمار ہونے والے امریکی گلوکار، موسیقار، لکھاری اور سابق باسکٹ بال کھلاڑی 52 سالہ رابرٹ سلویسٹرکیلی (آر کیلی) پرامریکی عدالت میں 11 نئے ریپ الزامات کے تحت فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔

آر کیلی پر گذشتہ ہفتے امریکی ریاست الینوائے کی کک کاؤنٹی کی عدالت نے 13 سے 17 برس کی لڑکیوں کے ’ریپ‘ اوردیگر خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے مزید 11 الزامات عائد کیے تھے۔

آر کیلی نے عدالت کی جانب سے الزامات عائد کیے جانے کے فوری بعد انہیں مسترد کیا تھا۔

آر کیلی پر لگائے گئے نئے 11 الزامات کے تحت انہوں نے تین لڑکیوں کو اس وقت جنسی تشدد اور ریپ کا نشانہ بنایا جب ان کی عمریں 13 سے 17 برس کے درمیان تھیں۔

آر کیلی پر عائد کیے گئے نئے 11 الزامات میں سے 4 الزامات سنگین نوعیت کے تھے اور یہ الزامات ثابت ہونے پر انہیں 30 سال جیل اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

ان پر لگائے گئے ان نئے 11 الزامات کے تحت انہوں نے مئی 2009 سے جنوری 2010 تک یہ جرائم کیے۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکار آر کیلی پر ’ریپ‘ اور ’جنسی تشدد‘ کے مزید 11 الزامات عائد

آر کیلی پران ہی الزامات کے تحت فرد جرم عائد کرنے کے لیے ہونے والی سماعت کے دوران ان پر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔

آر کیلی پر دوسری بیوی اینڈریا کیلی نے بھی بدترین جنسی تشدد کے الزام عائد کر رکھے ہیں—فوٹو: دی سورسز

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے آر کیلی کے وکیل کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عدالت نے ان کے مؤکل پر نئے الزامات کے تحت فرد جرم عائد نہیں کی، کیوں کہ دراصل ان کے خلاف لگائے گئے تمام الزامات پرانے ہیں جن پر پہلے ہی عدالت انہیں بے قصور قرار دے چکی ہے۔

مزید پڑھیں: کم عمر لڑکیوں کے ریپ کا الزام، آر کیلی پر فرد جرم عائد

خیال رہے کہ رواں برس فروری میں امریکی ریاست الینوائے کے شہر شکاگو ایک عدالت نے پہلے تین کم عمر لڑکیوں سمیت مجموعی طور پر 4 اور بعد ازاں مزید 6 افراد کو بدترین جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کی فرد جرم عائد کی تھیں۔

ان پر عائد کی جانے والی فرد جرم کے مطابق آر کیلی نے 1990 سے لے کر 2000 تک ایک دہائی تک تین کم عمر لڑکیوں سمیت دیگر خواتین کو بدترین جنسی تشدد اور ریپ کا نشانہ بنایا۔

آر کیلی نے فرد جرم کی صحت سے انکار کردیا تھا، لیکن اس کے باوجود آر کیلی نے23 فروری 2019 کو تھانے پہنچ کر گرفتاری دی تھی اور ساتھ ہی انہوں نے ضمانت کے لیے درخواست بھی دائر کردی تھی۔

آر کیلی پر 15 برس کی عالیہ سے شادی کا الزام بھی ہے، جنہیں بعد ازاں انہوں نے طلاق دے دی تھی—فائل فوٹو: مس ڈمپلز

آر کیلی کو ریاست الینوائے کی کک کاؤنٹی کی عدالت نے 10 لاکھ امریکی ڈالر کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

تب سے آر کیلی ضمانت پر رہا ہیں، ان کے خلاف عائد کی گئی فرد جرم کے الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں کم سے کم 7 سال جیل قید اور جرمانے کی سزا ہوگی۔

آر کیلی پر اپنی سابق بیوی سمیت کم سے کم 50 خواتین نے ریپ اور نشہ دے کر جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کر رکھا ہے۔

گلوکار کی جانب سے نشانہ بنائی گئی کئی خواتین کی عمر اب 40 برس سے زائد ہوچکی ہے—فوٹو: ٹوئٹر

آر کیلی پر متعدد نابالغ لڑکیوں کا ریپ کرنے کے الزام سمیت ایک نابالغ لڑکی سے شادی کرنے کا الزام بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکار نے نابالغ لڑکیوں کے ساتھ جسمانی تعلقات کے الزامات مسترد کردیے

علاوہ ازیں آر کیلی پر الزام ہے کہ انہوں نے پہلی شادی 15 سالہ لڑکی عالیہ ہفٹن سے کی جنہوں نے کاغذات میں اپنی عمر 18 سال لکھوائی تھی۔

آر کیلی تسلیم کر چکے ہیں کہ عالیہ ہفٹن سے شادی کے وقت انہیں ان کی درست عمر کا علم نہیں تھا، تاہم وہ دوسرے الزامات کو مسترد کرتے رہے ہیں۔

آر کیلی پر جن خواتین نے جنسی زیادتی اور نشہ دے کر جنسی تشدد کے الزامات لگا رکھے ہیں ان میں سے زیادہ تر خواتین سیاہ فام ہیں۔

گلوکار پر دوسری اہلیہ اینڈریا کیلی نے بھی بدترین جنسی تشدد کے الزامات لگا رکھے ہیں، ان دونوں کے درمیان بھی طلاق ہوگئی تھی

آر کیلی کا نشانہ بننے والی زیادہ تر نوجوان لڑکیاں و خواتین سیاہ فام ہیں—فائل فوٹو: ڈیلی بیسٹ