ہاروی وائنسٹن سے معاہدہ کرنے والی خواتین میں شامل نہیں، ایشلے جڈ
گزشتہ ہفتے خبر سامنے آئی تھی کہ ہولی وڈ پروڈیوسر 66 سالہ ہاروی وائنسٹن کے ساتھ وہ خواتین پیسوں کی خاطر معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں جنہوں نے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے۔
رپورٹس تھیں کہ متعدد خواتین و اداکارائیں رقم کی خاطر ہاروی وائنسٹن کے خلاف دیوانی مقدمات واپس لینے کے لیے تیار ہوگئی ہیں۔
رپورٹ میں ہاروی وائنسٹن کے ساتھ معاہدے کے لیے رضامند ہونے والی خواتین و اداکاراؤں کے نام نہیں بتائے گئے تھے، تاہم بتایا گیا تھا کہ آئندہ چند روز میں معاہدہ طے پاجائے گا۔
معاہدے کے مطابق ہاروی وائنسٹن الزام لگانے والی خواتین کو 4 کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر کی خطیر رقم ادا کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا معاہدہ ہونے کے بعد ہاروی وائنسٹن کے خلاف ان خواتین کے الزامات کے تحت بنائے گئے تمام سول کیسز ختم ہوجائیں گے، تاہم اس معاہدے سے فلم پروڈیوسر کے خلاف جاری فوجداری کیسز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ہاروی وائنسٹن پرالزام لگانے والی خواتین واداکاراؤں کی تعداد 100 کے قریب ہے جن میں معروف اداکارہ و گلوکارہ ایشلے جڈ بھی شامل ہیں۔
ایشلے جڈ نے ہاروی وائنسٹن کے خلاف مئی 2018 میں امریکی عدالت میں بدنام اور کیریئر تباہ کرنے کا مقدمہ دائر کرواتے ہوئے ان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن پر جنسی ہراساں کا الزام لگانے والی خواتین معاہدہ کرنے کو تیار
ایشلے جڈ نے ہاروی وائنسٹن کے خلاف ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے ٹاؤن سانتا مونیکا میں قائم اعلیٰ عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔
عدالت میں دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ہاروی وائنسٹن نے انہیں جنسی تعلقات استوار نہ کرنے کے بعد بدنام کیا اور ان کے کیریئر کے لیے رکاوٹیں کھڑی کیں۔