سموسے پکوڑے کھانا پسند نہیں؟ تو افطار میں یہ مزیدار ڈش بنالیں
رمضان میں افطار کے دوران ہر کوئی سموسے، پکوڑے بنانے کے بارے میں سوچ رہا ہوتا ہے، لیکن بہت سے افراد ایسے بھی ہیں جو رمضان میں افطار کے دوران اس طرح کے پکوان کھانے کے بجائے مکمل کھانا کھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔
اب ایسے میں گھر والوں کے سامنے افطار میں کچھ خاص بناکر پیش کرنا بھی بےحد ضروری ہے۔
تو ایسے موقع پر دیسی کھانوں کا انتخاب سب سے زیادہ کیا جاتا ہے اور اس بات میں تو کوئی شک نہیں کہ دیسی کھانوں جیسا ذائقہ غیر ملکی کھانوں میں نہیں ہوتا۔
مگر ساتھ ہی یہ بھی ایک مسئلہ ہے کہ اچھے دیسی کھانے تیار کرنا کوئی آسان کام نہیں۔
ہم آج یہاں ایسے ہی ذائقہ دار دیسی کھانا تیار کرنے کی ترکیب بتارہے ہیں جو نہایت آسان بھی ہے۔
برصغیر میں کئی پکوان ایسے بھی بنتے ہیں، جن کے ساتھ شہروں اور علاقوں کے نام بھی ہوتے ہیں، ایسے ہی کھانوں میں حیدرآبادی چکن جنجر بھی شامل ہے۔
چکن جنجر کا شمار دیسی اور برصغیر کے بہترین کھانوں میں ہوتا ہے۔
اجزا
چکن بون لیس آدھا کلو
کچی پیاز پسی ہوئی 6 عدد
ہری مرچ 6 عدد
کڑھی پتے 6 عدد
کوکنگ آئل ایک پیالی
املی کا رس آدھی پیالی
کٹی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ
ادرک اور لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ
ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ
کٹی ہوئی ادرک و لہسن 2 کھانے کے چمچ
خشخاش ایک کھانے کا چمچ
سفید زیرہ آدھا کھانے کا چمچ
سفید تل 2 کھانے کے چمچ
نمک اور ہلدی حسب ذائقہ
ترکیب
سب سے پہلے خشخاش، ثابت دھنیا، سفید زیرے اور تل کو ایک برتن میں بھون کر پیس لیں۔
ایک الگ برتن میں تیل کے ساتھ پیاز کو ہلکا گلابی کریں۔
پھر اس میں چکن، لہسن اور ادرک کے پیسٹ سمیت نمک اور ہلدی شامل کرلیں۔
پانی خشک ہونے لگے تو اس میں خشخاش، ثابت دھنیا، زیرے اور تل کو ڈال کر اس میں ہری مرچیں، املی کا رس اور کڑھی پتے ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ لیں۔
آخر میں ادرک ڈال کر مزید 5 منٹ تک دم پر رکھنے کے بعد نکال کے گھر والوں کے سامنے پیش کریں۔