فیصل واؤڈا یا فیصل ’وعدہ‘؟
جب سمندر سے تیل نکلے گا تو ہر طرف اتنا تیل ہوگا کہ تِل دھرنے کو جگہ نہیں ملے گی بلکہ کسی بھی دھرنے کے لیے جگہ نہیں ہوگی۔
فیصل واؤڈا صاحب وفاقی وزیر برائے آبی وسائل ہیں، لیکن ان کے ملازمتوں کی برسات کے عنوان سے مشہور ہونے والے دعوے کے بعد لگتا ہے کہ وہ ’آفاقی وزیرِ خوابی وسائل‘ ہیں۔ انہوں نے نوکریاں برسانے کا جو وعدہ کیا ہے اس کے بعد لوگ انہیں پیار سے ’فیصل وعدہ‘ کہنے لگے ہیں۔ کون نہیں جانتا کہ فیصل واؤڈا نے واشگاف الفاظ میں خوش خبری سُنائی کہ ’پاکستان میں اتنی نوکریاں آنے والی ہیں کہ یہاں لوگ کم پڑجائیں گے۔ پان والا اور ٹھیلے والا بھی کہے گا مجھ سے ٹیکس لے لو۔‘
کوئی کچھ کہے ہمیں تو فیصل واؤڈا صاحب کی بات پر مکمل یقین ہے۔ ان کے اس وعدے کے پس منظر میں دلیل یا امکانات تلاش کرنا کارِ لاحاصل ہے کیونکہ ’آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں‘۔