نوجوان انگلش کرکٹر نے 25گیندوں پر سنچری اسکور کردی
انگلش کاؤنٹی میں سرے کے اوپنر وِل جیکس نے لنکاشائر کے خلاف 10اوور کے میچ میں 25 گیندوں پر سنچری اسکور کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔
یہ اب تک دو پیشہ ورانہ ٹیموں کے درمیان میچ کی سب سے تیز ترین سنچری اسکور قرار دیا جا رہا ہے تاہم آفیشل میچ نہ ہونے کے سبب جیکس عالمی ریکارڈ قائم نہ کر سکے۔
مزید پڑھیں: اولمپکس سمر گیمز میں کئی تمغات پاکستانی کھلاڑیوں کے نام
کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کے پاس ہے جنہوں نے 2013 میں انڈین پریمیئر لیگ میں 31 گیندوں پر سنچری بنا کر ریکارڈ بک میں اپنا نام درج کرایا تھا۔
تاہم اس سنچری کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی10 میں سب سے بڑے اسکور کا ریکارڈ بنا دیا جو اس سے قبل ایلکس ہیلز کے پاس تھا جنہوں نے گزشتہ سال 87 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
جیکس نے مجموعی طور پر 30 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور ایک اوور میں مارے گئے 6 چھکوں سمیت 11 چھکے شامل ہیں۔
ان کی اس اننگز کی بدولت سرے نے تین وکٹوں کے نقصان پر 176رنز بنائے جس کے جواب میں لنکاشائر کی ٹیم 9وکٹوں کے نقصان پر 81رنز ہی بنا سکی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی بہترین ٹیم کا اعلان، سرفراز جگہ بنانے میں ناکام
اپنے اس کارنامے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے جیکس نے کہا کہ جب تک وہ 98 کے اسکور تک نہیں پہنچے تھے، اس وقت تک انہوں نے سنچری کے بارے میں سوچا تک نہیں تھا، یہ سب کچھ انتہائی جلدی میں ہوا۔
20سالہ جیکس نے گزشتہ سال سرے کے لیے فرسٹ کلاس، ٹی20 اور لسٹ اے میں ڈیبیو کیا تھا اور گلوسٹر شائر کے خلاف رائل لندن کپ کے میچ میں 100 گیندوں پر 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
عالمی کرکٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ سابق جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ہے جنہوں نے 2015 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میچ میں 31گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔