پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز کراچی منتقل
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پاکستان میں ہونے والے تمام میچز سیکیورٹی سمیت دیگر مسائل کے سبب کراچی میں منعقد کر دیے گئے ہیں اور رواں سال لاہور پاکستان سپر لیگ کے ایک بھی میچ کی میزبانی نہیں کر سکے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے میچز کی منتقلی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے تمام میچ کراچی منتقل کر دیے گئے۔
یہ فیصلہ پی ایس ایل فور کی پروڈکشن کمپنی کو لاجسٹک سمیت دیگر مشکلات سے بچانے کے لیے کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کو دنیائے کرکٹ میں تنہا کرنے کی بھارتی کوشش ناکام
رواں سال پاکستان سپر لیگ کے 8میچز پاکستان میں شیڈول کیے گئے تھے جن میں سے تین میچز کی میزبانی لاہور اور پانچ کی کراچی کو دی گئی تھی۔
تاہم موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے سبب پی سی بی نے لاہور میں شیڈول تمام میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور کی فضائی حدود کی بندش اور فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال ہونے کے سبب ایونٹ کے میچز کے لاہور میں انعقاد کے حوالے سے مشکلات پیش آرہی تھیں اسی لیے بورڈ نے میچز منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
اب لیگ کے شیڈول میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے جہاں پاکستان میں ہونے والے میچز کا آغاز 9 مارچ سے ہو گا اور 8 دنوں میں اتنے ہی میچز منعقد ہوں گے۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا جو تمام فرنچائز مالکان اور دیگر سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔